2047 میں ترقی یافتہ ملک کے خواب کو حقیقت بنا دےگا/ وزیر اعظم مودی
سری نگر…. 26 اگست… یو این آئی… وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو انڈین اسپیس آرگنائزیشن (اسرو) کے سائنسدانوں سے کہا کہ ملک کی خلائی صنعت اگلے چند سالوں میں 8 بلین ڈالر سے بڑھ کر 16 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔مسٹر مودی نے اسرو کے سائنس دانوں سے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے اختراع کا جذبہ 2047 میں ایک ترقی یافتہ ملک کے خواب کو حقیقت بنا دے گا۔مسٹر مودی نے یونان سے واپسی کے بعد یہاں اسرو ٹیلی میٹری ٹریکنگ اینڈ کمانڈ نیٹ ورک (آئی ایس ٹی آر اے سی) میں کامیاب چندریان-3 مشن کے لیے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ماہرین کےاندازے کا حوالہ دیتے ہوئی یہ بات کہی۔وزیر اعظم نے کہا، ”ملک کے لوگوں کا سائنسدانوں پر بھروسہ ہے اور جب لوگوں کا آشیروادملے گا، تو ملک کے تئیں جو لگن دکھائی جاتی ہے، اس سے ہندوستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک وشو گرو کے طور پر ابھرے گا۔ ہمارے اختراع کا وہی جذبہ ملک کے خوابوں کو پورا کرے گا اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب 2047 میں پورا ہو جائے گا۔“انہوں نے کہا کہ حکومت خلائی شعبے میں اصلاحات کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور ہندوستان کے نوجوان مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ گزشتہ چار سالوں میں ملک میں خلا سے متعلق اسٹارٹ اپس کی تعداد 4 سے بڑھ کر 150 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خلائی شعبے کی صلاحیتیں صرف سیٹلائٹ لانچ کرنے اور خلائی تحقیق تک محدود نہیں ہیں اور اس کی طاقت کو زندگی کی آسانی اور حکومت کی آسانی میں دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے انڈین کنسٹیلیشن (ناوک) سسٹم کے ساتھ نیویگیشن کے کردار اور قدرتی آفات کے دوران اس کی مدد کے بارے میں بھی بات کی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی ہمارے پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کی بنیاد بھی ہے۔ اس سے منصوبوں کی منصوبہ بندی، نفاذ اور نگرانی میں بہت مدد ملتی ہے۔ اسپیس ایپلی کیشن کا یہ دائرہ، جو وقت کے ساتھ ساتھ پھیل رہا ہے، ہمارے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع فراہم کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے درخواست کی کہ اسرو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مختلف محکموں کے ساتھ مل کر ’اسپیس ٹیکنالوجی ان گورننس‘ پر ایک قومی ہیکتھون کا انعقاد کرے۔انہوں نے کہا ”مجھے یقین ہے کہ یہ قومی ہیکتھون ہماری حکمرانی کو مزید موثر بنائے گا اور ہمارے ہم وطنوں کو جدید حل فراہم کرے گا۔“مسٹر مودی نے ملک کی نوجوان نسل کو ایک ٹاسک بھی دیا ہے۔ ”میں چاہتا ہوں کہ نئی نسل ہندوستان کے صحیفوں میں موجود فلکیاتی فارمولوں کو سائنسی طور پر ثابت کرنے اور نئے سرے سے مطالعہ کرنے کے لیے آگے آئے۔ جو ہمارے ورثے کے ساتھ ساتھ سائنس کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک طرح سے یہاں کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں پر طلبائ پر دہری ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم نے کہا ”ہندوستان کے پاس غلامی کے طویل دور میں سائنسی علم کا جو خزانہ تھا،وہ زمین میں دفن ہے۔ آزادی کے امرت میں ہمیں اس خزانے کو بھی تلاش کرنا ہے، اس پر تحقیق کرنی ہے اور دنیا کو اس کے بارے میں بتانا ہے۔مسٹر مودی نے ملک بھر کے طلباءسے چندریان مشن پر یکم ستمبر سے ہونے والے میگا کوئز مقابلے میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔یواین آئی۔






