جموں۔۔۔۔ 29 مارچ ۔۔۔۔۔جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک ایک مسافر بر دار ٹیکسی کے ایک گہری کھائی میں جا گرنے کے نتیجے میں کم سے کم 10 افراد لقمہ اجل بن گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر جا رہی ایک ٹیکسی قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک لڑھک کر قریب 8 سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم سے کم دس افراد کی موت واقع ہوئی۔جموں وکشمیر پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک قومی شاہراہ پر ایک مسافر بر دار ٹیکسی ایک گہری کھائی میں جا گری’۔انہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی رام بن جائے واردات پر موجود ہیں اور بڑے پیمانے پر بچاﺅ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں اس حادثے کے متعلق رات کے سوا ایک بجے اطلاع موصول ہوئی۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت کھائی سے برستی بارش کے بیچ دس لاشوں کو نکالا گیا ہے جن میں سے دو کی شناخت معلوم ہوئی ہے۔شناختی کارڈوں کے مطابق ایک کی شناخت 47 سالہ بلون سنگھ ولد پورب سنگھ ساکن امبگروٹہ جموں جبکہ دوسرے کی شناخت وپن مکھایا ولد ویشو ناتھ مکھایا ساکن مغربی چمپارن بہار کے طور پر ہوئی ہے۔دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس دلخراش سڑک حادثے پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن کے چشمہ شاہی علاقے کے نزدیک جموں – سری نگر قومی شاہراہ پر پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثے جس میں ایک ٹیکسی کے گہری کھائی میں جا گرنے سے 10 افراد کی موت واقع ہوئی، کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رام بن بصیر الحق کے ساتھ بات کی’۔انہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور بچاﺅ آپریشن جاری ہے، میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں’۔ادھر جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے ساتھ ساتھ اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری اور پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون نے بھی رام بن سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس سڑک حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘انتہائی خوفناک سانحہ، ہماری شاہراہ انسانی جانوں کے زیاں کا لگاتار باعث بن رہی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہم اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جب فور لین ہائی وے مکمل کی جائے گی جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا ہے اورجس سے اس شاہراہ پر لوگوں کا محفوظ سفر یقینی بن جائے گا’۔عمر عبداللہ نے اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن سڑک حادثہ، جس میں 10 انسانی جانوں کا زیاں ہوا، انتہائی خوفناک واقعہ ہے، میں لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہوں’۔اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے اس سانحے پر اظہار غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے پوسٹ میں کہا: ‘قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ شاہی کے نزدیک ہونے والے سڑک حادثے جس میں دس افراد کے فوت ہونے کا امکان ہے، کے بارے میں جان کر انتہائی صدمہ ہوا’۔انہوں نے کہا: ‘میں لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ضلع انتظامیہ رام بن اور مقامی نوجوانوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مشکل صورتحال میں بچاﺅ آپریشن چلایا’۔پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے بھی ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے رام بن سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔






