سرینگر ….انفو….وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سرینگر میں ایس کے اے ایل انٹر نیشنل کلب ، کشمیر چیپٹر کا افتتاح کیا ، جو جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے کیلئے عالمی سیاحت کے رابطوں کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی رسائی کو وسعت دینے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ یہ اقدام پائیدار سیاحت ، بین الاقوامی تعاون اور طویل مدتی ترقی کیلئے نئے مواقع کھولنے کیلئے تیار ہے ، جبکہ جموں و کشمیر کو عالمی سیاحت کے نیٹ ورکس سے مزید مربوط کرے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایس کے اے ایل کے بنیادی اقدار جموں و کشمیر کے جذبے سے گہرے طور پر ہم آہنگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے قائم کرنے کے اصول انسانی زندگی کی سب سے بنیادی خواہشات کی عکاسی کرتے ہیں ، جو مالی کامیابی سے آگے بڑھ جاتے ہیں ۔ ” ایک ایسی تنظیم جس کا نام ” صحت ، دوستی ، طویل عمر اور خوشی “ ان چار اہم چیزوں کی علامت بن جاتا ہے ، وہ نفع یا روزمرہ کے دیگر مسائل کی بات نہیں کر رہی۔ یہ وہ چیزیں ہیں جو ہم ایک دوسرے کیلئے چاہتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے اجاگر کیا کہ ایس کے اے ایل کا فلسفہ ” دوستوں کے ساتھ کاروبار “ جموں و کشمیر کی ٹورازم برادری کی روح کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ” یہاں صنعت کے میرے بہت سے دوست ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کرتے ہیں ، پھر بھی وہ دوست رہتے ہیں ۔ وہ ایک ساتھ بیٹھتے ہیں ، ایک ساتھ کھاتے ہیں ، ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور یہی بالکل ایس کے اے ایل کی بات کرتا ہے “ ۔ وزیر اعلیٰ نے ذمہ دارانہ اور پائیدار ٹورازم پر بڑھتی ہوئی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم کو ایسے طور پر ارتقاءپذیر ہونا چاہئیے جو لوگوں اور ماحول دونوں کی حفاظت کرے ۔ انہوں نے کہا ” اگر ٹورازم ذمہ دارانہ اور پائیدار نہ ہوا تو یہ قائم نہیں رہے گا ۔ ہماری حالیہ سرگرمیوں کی بنیاد یہ ہے کہ ٹورازم کو مزید ذمہ دارانہ اور پائیدار بنایا جائے وزیر اعلیٰ نے ظاہر کیا کہ حکومت جے اینڈ کے میں 9 نئی ٹورازم منزلوں کو ایک میگا پروجیکٹ کے طور پر تیار کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس میں بھاری سرمایہ کاری شامل ہے ۔ انہوں نے کہا ” اس پروجیکٹ کی بنیاد پائیداری ہے ، ماحولیاتی طور پر ذمہ دارانہ ترقی جو مقامی کمیونٹی کو شامل کرے ۔ ٹورازم یا کوئی بھی صنعت جو مقامی لوگوں کو فائدہ نہ پہنچائے ، ایسی صنعت قائم نہیں رہے گی ۔ “ وزیر اعلیٰ نے ایس کے اے ایل انٹر نیشنل اور اس کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کشمیر کو نئے باب کیلئے منتخب کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ایک پائیدار اور پھلنے پھولنے والی شراکت داری کی شروعات کا نشان ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا ” مجھے امید ہے کہ یہ نئے رشتے کی شاندار شروعات ہو گی اور ہم ایسی تقریبات کو بار بار منعقد کریں گے ۔ “ افتتاحی تقریب میں ایم ایل اے ذڈی بل تنویر سید ، نیشنل صدر ایس کے اے ایل سنجیو مہرا ، ڈائریکٹر ایس کے اے ایل این ایس این موہن ، کئی ایس کے اے ایل ممبران ، سیاحت کے شعبے کے اسٹیک ہولڈرز اور سینئر افسران موجود تھے۔






