جموں /29 دسمبر /انفو/لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے پیر کو لوک بھون میں جموں و کشمیر یونین ٹیر ٹیری کے وائلڈ لائف بورڈ کی چھٹی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں جل شکتی ، جنگلات ، ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر مسٹر جاوید احمد رانا ، ایم ایل اے ڈاکٹر دیوندر کمار منیال اور میاں مہر علی ، چیف سیکرٹری ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، جنگلات ، ماحولیات کے کمشنر سیکرٹری ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس اور ہیڈ آف فاریسٹ فورس ، پی سی سی ایف /چیف وائلڈ لائف وارڈن ، آئی جی پی سیکورٹی ، مشہور کنزرویشنسٹس ، ایکولوجسٹس ، ماحولیاتی ماہرین ، آرمی کے نمائندے ، وائلڈ لائف سے متعلق این جی اوز کے نمائندے اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ بورڈ نے لفٹینٹ گورنر کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں کئی منصوبوں کو وائلڈ لائف کلیئرنس دی اور کچھ تجاویز کو حتمی منظوری کیلئے نیشنل بورڈ آف وائلڈ لائف کو سفارش کی۔ ان میں 4G سیٹوریشن ، جل جیون مشن ، ٹرانسمیشن لائینز کی ری الاٹمنٹ ، بارڈر سیکورٹی پوسٹس کا قیام ، ہارٹیکلچر نرسری کی ترقی اور برفانی تودے کی وارننگ سسٹم کی تنصیب شامل ہیں۔ بورڈ کو محکمہ کی مختلف کنزرویشن اور ہیبی ٹیٹ بہتری کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس میں انسانی اور جنگلی جانوروں کے تنازعات کے حل ، ریسکیو سینٹرز قائم کرنے اور ویٹ لینڈز کی بحالی کے کام شامل ہیں۔ لفٹینٹ گورنر نے بائیو ڈائیورسٹی کے پائیدار انتظام اور وائلڈ لائف ہیبی ٹیٹس کی حفاظت کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے جمبو زو ، ہوکر سر اور گھرانہ ویٹ لینڈ جیسے بڑے منصوبوں کیلئے ، خاص طور پر سکول کے بچوں میں پروموشنل سرگرمیوں پر زور دیا۔ انہوں نے ان مقامات تک عوامی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی بھی تجویز دی تا کہ ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جا سکے۔ میٹنگ کے دوران ترال میں ہنگول بریڈنگ سینٹر کو عملی بنانے میں محکمے کی جانب سے کئے گئے اقدامات بھی پیش کئے گئے۔ بورڈ نے ہنگول کی آبادی میں اضافے کے رحجان پر اطمینان کا اظہار کیا جو 2008 میں 127 سے بڑھ کر 2025 کی مردم شماری میں 323 ہو گئی۔ میٹنگ میں جنگلی سو¿ر ، نیلگائے اور بندر کی وجہ سے زرعی فصلوں کو ہونے والے نقصان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ نے جنگلی جانوروں کی وجہ سے کسانوں کے نقصانات کی تلافی کے امکان کو تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ہوکر سر اور گھرانہ ویٹ لینڈ کنزرویشن ریزرو میں بحالی کے کاموں اور ہنگول بریڈنگ سینٹر کو عملی بنانے کو دکھانے والی دستاویزی فلمیں دکھائی گئیں۔ محکمہ کی مختلف اشاعتیں جن میں وائلڈ لائف کلینڈر 2026 ، جموں و کشمیر کی جنگلی حیات پر ایک کافی ٹیبل بک ، ” محفوظ جنگلوں کے ذریعے ایک سفر “ ، ” پیر پنچال کا خزانہ اس کی نباتات اور حیوانات کے ذریعے ایک سفر “ نامی کتاب اور جموں و کشمیر میں ہج ہاگ کی پہلی بار دریافت پر ایک رپورٹ بھی جاری کی گئیں۔






