بانڈی پورہ….انفو………ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان نے منی سیکرٹریٹ میں ریونیو افسران کی ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف محصولاتی امور کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ عمر شفیع پنڈت، اے سی آر بانڈی پورہ شبیر احمد وانی نے شرکت کی جب کہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ، تحصیل دار اور نائب تحصیل دار اور دیگر متعلقہ افسروں نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جمعبندیوں کی ڈیجیٹائزیشن، تجاوزات، پی ایس جی اے سروسز، ریونیو دفاتر میں ای۔ آفس، زیر التوا ¿میوٹیشن، بے زمینوں کو زمین کی الاٹمنٹ اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے تمام تحصیل داروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ دفاتر میں اِی۔ آفس کے کام کاج کو یقینی بنائیں اور ضلع بانڈی پورہ کی تمام تحصیلوں میں بیداری پروگرام اورکیمپوںکا اِنعقاد کریں۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ریونیو افسران اوراہلکار سرکاری اراضی کے محافظ ہوتے ہیں اور اس کوبڑی ذمہ داری کے ساتھ سنبھالنا ضروری ہے۔اُنہوں نے تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران متعلقہ ریونیو افسران کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری اراضی پر تجاوزات کے کسی بھی واقعے کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسی کوئی تجاوزات نہ ہوں۔شکیل الرحمان نے ریونیو اَفسران کو پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے مطابق آن لائن خدمات کے لئے ٹائم لائن پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے آن لائن پورٹل پر دستیاب خدمات کے لئے آف لائن خدمات کی فراہمی سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں، اُنہوں نے متنبہ کیا کہ پی ایس جی اے ٹائم لائنز پر عمل کرنے میں ناکام رہنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔






