جموں …. انفو … نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے بلئرڈز اینڈ سنوکر ہال ایم اے سٹیڈیم جموں میں 29 ویں یو ٹی بلئرڈز اینڈ سنوکر چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے وزیر مسٹر ستیش شرما اور وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی بھی تھے ۔ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سیکرٹری نزہت گل بھی تقریب میں شریک تھیں جبکہ سینئر افسران اور کھیلوں کے شوقین افراد بھی موجود تھے ۔ یہ چیمپئن شپ جموں و کشمیر بلئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی تھی اور اس میں جموں و کشمیر بھر سے تقریباً 200 کھلاڑیوں نے پرجوش شرکت کی ، جو جموں و کشمیر میں کیو اسپورٹس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے شرکاءاور فاتحین کو مبارکباد دی اور منتظمین کو طویل عرصے تک بہترین طریقے سے تقریب منعقد کرنے پر سراہا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ کھیل افراد کو جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور نوجوانوں کی توانائی کو مثبت اور تعمیری سمت میں موڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں باقاعدہ شرکت نوجوانوں میں نظم و ضبط ، ٹیم ورک اور صحت مند مقابلے کی روح پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت کھیلوں کی ترویج پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں عالمی معیار کی کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانے کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے کھیلوں کی تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی تا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو پرورش دی جا سکے اور نوجوان ایتھلیٹس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کمال دکھانے کے پلیٹ فارم مہیا کئے جا سکیں ۔






