جموں…انفو…..جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) نے سال 2024-25 کی اپنی 66ویں سالانہ رپورٹ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاکو لوک بھون جموں میں پیش کی۔ کمیشن کے ممبران ڈاکٹر راجیو سنگھ، طارق احمد زرگر، یشپال کوتوال اور شری آصف محمود ساگر کے وفد کی قیادت چیئرمین جے کے پی ایس سی ارون کمار چودھری کر رہے تھے۔یہ رِپورٹ آئین ہند کے آرٹیکل 323(2) کے تحت پیش کی گئی۔رِپورٹ میں ایک سال کے اہم اِنتظامی اِصلاحات کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی شفافیت، میرٹ پر مبنی، تیز اور منصفانہ اِنتخابی عمل برقرار رکھنے پر ستائش کی۔چیئرمین جے کے پی ایس سی ارون کمار چودھری نے لیفٹیننٹ گورنر کو تکنیکی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں آنے والاایس ایم ایس نوٹیفکیشن منصوبہ بھی شامل ہے جو اُمیدواروں کو اِنتخابی عمل کے مختلف مراحل پر اَپ ڈیٹس فراہم کرے گا۔رپورٹ میں دیگر اہم معاملات کے علاوہ کئے گئے اِنتخاب، ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی میٹنگیں، کئے گئے پروموشنز اور منظور شدہ محکموں کے بھرتی کے قوانین کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔






