لفٹینٹ گورنر نے ڈیجی یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ آئی ٹی اقدامات کا ای ۔ کمپینڈیم جاری کیا
سرینگر//انفو//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج ڈیجٹل جموں و کشمیر ہفتہ کا افتتاح کیا اور یہاں ایس کے آئی سی سی میں کئی ڈیجٹل اقدامات کا آغاز کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے اضلاع میں ڈیجی میلے کا بھی افتتاح کیا جو ڈیجٹل حل اور نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بیداری پیدا کرے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ڈیجٹل جے اینڈ کے ہفتہ پروگرام شہریوں پر مبنی آئی ٹی اقدامات کی نمائش کرے گا جس نے حکمرانی میں زیادہ شفافیت لانے اور شہریوں کیلئے زندگی میں آسانی پیدا کرنے میں مدد کی ہے ۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے ڈیجٹل خدمات میں آخری میل تک حل فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت دی کہ وہ 3-6 ماہ کے قلیل مدتی اہداف اور طویل مدتی وژن بیانات تشکیل دیں تا کہ بنیادی آئی سی ٹی انفراسٹرکچر اور جموں و کشمیر کو ڈیجٹل طور پر بااختیار معاشرے اور علمی معیشت میں تبدیل کرنے کیلئے زندگی کی آسانی ، رسائی ، اختراع کیلئے خدمات میں گورننس کو تبدیل کیا جا سکے ۔
اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے ’ ڈیجی دوست ‘ پروگرام کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد ضلع ، بلاک اور پنچائت سطح پر ڈیجٹل طور پر بااختیار نوجوان رضاکاروں کا ایک مضبوط نیٹ ورک تیار کرنا ہے جو ڈیجٹل جموں و کشمیر اور ڈیجٹل انڈیا کے برانڈ ایمبیسڈٖر کے طور پر کام کر سکتے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ متحرک ہو سکیں ۔ ڈیجٹل خدمات کے بارے میں آگاہی ’ ڈیجی دوست ‘ رضا کار ڈیجٹل خدمات کی فراہمی ، ڈیٹا اکٹھا کرنے ، تربیت دینے ، ڈیجٹل انڈیا مہم کے حوالے سے معلومات پھیلانے میں بھی مدد کریں گے اور لوگوں کو سائبر حفظانِ صحت اور سائبر کرایمز کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ڈیجٹل بااختیار موجودہ شرح خواندگی کی پیمائش کیلئے ایک نیا پیمانہ ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ آج شروع کئے گئے پروگرام اور اقدامات عوامی خدمات کی فراہمی میں آسانی ، شفافیت اور سہولت لانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہیں ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی کہا کہ وہ سول سوسائٹی اور پی آر آئیز کے ساتھ مل کر ڈیجٹل جے اینڈ کے ہفتہ کے اہداف کو نافذ کریں ۔ ڈیجٹل جموں و کشمیر کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے متعارف کرائی گئی ڈیجٹل اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں حکومتی پروگراموں اور شہریوں کی ضروریات کے درمیان فرق کو ختم کرنے کیلئے ڈیجٹل خواندگی کو فروغ دینا اور ڈیجٹل شمولیت کیلئے ایک ساز گار ماحول پیدا کرنے کیلئے سرشار کوششیں کی گئی ہیں ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جے اینڈ کے ، جدت ، نفاذ اور شمولیت کے ذریعے ڈیجٹل اقدامات میں بے مثال معیارات قائم کر رہا ہے اور عزت مآب وزیر اعظم کی ڈیجٹل انڈیا مہم میں مثال کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ای گورننس میں یو ٹیز کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ای آفس ، بی ای ایم ایس ، عوام کی آواز ، مائی گورنمنٹ ، ای ۔ انت ، ڈیجی لاکر ، آپکی زمین آپکی نگرانی جیسے اقدامات نے گورننس میں شفافیت اور جوابدہی لائی ہے اور لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں لائی ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد تمام سرکاری خدمات کو انسانی انٹر فیس کے بغیر لوگوں تک آسانی سے قابل رسائی بنانا ہے ۔
آج جموں و کشمیر میں خرچ کی گئی ہر ایک پائی کی تفصیلات پبلک ڈومین میں ہیں ۔ شہریوں کی رئیل ٹائم آراء کیلئے 209 سرکاری خدمات کو ریپڈ اسیسمنٹ سسٹم کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ شہریوں کے تاثرات کے بارے میں ہمارا حالیہ جائیزہ شہریوں پر مبنی خدمات کیلئے 85 فیصد منظوری کی درجہ بندی کو ظاہر کرتا ہے ۔ مرکزی حکومت کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے روشنی ڈالی کہ یکم جنوری 2022 سے جے اینڈ کے یو ٹی کے ای ۔ لین دین نے 22.48 کروڑ روپے کا اضافہ کیا ہے ۔ ڈیجٹل لین دین نے جے اینڈ کے بینک سے پچھلے مہینے 22 لاکھ کا ہندسہ عبور کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے 25 سے 31 جولائی تک منائے جانے والے ڈیجٹل جموں و کشمیر ہفتہ کے آغاز پر محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دی ۔ سابق سیکرٹری محکمہ برائے الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ( ڈی آئی ٹی ٹی ) مسٹر جے سیتا نارائن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو ڈیجٹل خدمات کے نظام میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے عملی طور پر قابل قدر بصیرت فراہم کی ۔
انہوں نے ڈیٹا منیجمنٹ کی پالیسیوں اور ڈیجٹل تبدیلی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو اپنانے پر زور دیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجٹل جموں و کشمیر ہفتہ کے دوران مختلف ڈیجٹل اقدامات اور خدمات کو بھر پور طریقے سے فروغ دیا جائے گا ۔چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور خود کو مکمل طور پر ڈیجٹل خدمات سے جوڑیں ۔ کمشنر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ محترمہ پریرنا پوری نے ڈیجٹل ہفتہ کے اہداف پر روشنی ڈالی اور جے اینڈ کے یو ٹی انتظامیہ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لاگو کئے گئے مختلف ای ۔ انیشیٹیوز کے بارے میں بات کی ۔
قبل ازیں لفٹینٹ گورنر نے ڈیجی یاترا کو جھنڈی دکھا کر یو ٹی انتظامیہ کے مختلف محکموں کی طرف سے ڈیجٹل خدمات کے بارے میں معلومات اور بیداری فراہم کرنے اور ان کے ذریعے ان کے عمل کو بڑھانے کیلئے لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا ۔ اس موقع پر ایک ویڈیو پرذنٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں مختلف ڈی جی سروسز اور ان کے فوائد کی نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر کے ذریعہ MyGov پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ میں ڈیجی لاکر انضمام اور ’ ٹیک لائن ‘ اور لوگو ‘ مقابلے کے آغاز کے علاوہ آئی ٹی اقدامات کے ای ۔ کمپنڈیم کے اجراء کا بھی مشاہدہ کیا ۔اس موقع پر مئیر ایس ایم سی جنید عظیم مٹو ، ڈی ڈی سی چئیر مین سرینگر شیخ آفتاب ملک ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ مسٹر آر کے گوئیل ، انتظامی سیکریٹریز ، ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ اعلیٰ حکام اور یو ٹی بھر کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔






