مال بردارگاڑیوںکی روانگی کی رفتار برقرار رکھیں: چیف سکریٹری کی حکام کو ہدایت
سری نگر:۰۱،اکتوبر:جے کے این ایس /چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار کی ہدایت پر سری نگرجموں شاہراہ پر درماندہ پڑے ہزاروں ٹرکوں کوجموںکی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔پیرکی صبح حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے تقریباً 10 ہزار ٹرک، جن میں پھلوں(سیب کی پیٹیوں وڈبوں) سے لدے8820 ٹرک بھی شامل ہیں، جموں سری نگر قومی شاہراہ کے ذریعے سری نگر سے جموں روانہ ہوئے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق پیرکی صبح ٹریفک پولیس کے حکام نے بتایاکہ سری نگرجموں قومی شاہراہ پر درمانڈہ پڑے میوہ جات سے لدے ٹرکوں کی جموں کی جانب روانگی کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھائے گئے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کل 10074 بھاری موٹر گاڑیوں یعنی ٹرکوں اورتیل ٹینکروں وغیرہ نے قاضی گنڈ سے جموں سری نگر قومی شاہراہ کو عبور کیا ۔انہوںنے بتایاکہ جن بڑی گاڑیوںکوقاضی گنڈ سے سفر کی اجازت دی گئی ،وُن میں میوہ جات (سیب کی پیٹیوں وڈبوں)سے لدے 8820ٹرک بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات کے درمیان، وہ ان گاڑیوں کو دن رات24 گھنٹوں میں عبور کرنے میں کامیاب رہے۔محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ نے قومی شاہراہ پر درماندہ پڑی مال بردار گاڑیوںکی جموںکی جانب روانگی کے حوالے سے کہاکہ ہزاروں مال برداربڑی گاڑیوںکوگزشتہ24 گھنٹوں کے دوران نیویگ اور جواہر ٹنل کے ذریعے چھوڑا گیا۔محکمہ اطلاعات ورابطہ کے مطابق چیف سکریٹری نے تمام متعلقہ عہدیداروں کی تعریف کرتے ہوئے ان سے مال بردارگاڑیوںکی روانگی کی رفتار برقرار رکھنے کے لئے کہا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ قومی شاہراہ پر 24 گھنٹے کے اندر پھنسے ہوئے لوگوں اورگاڑیوں کو نکالیں۔






