کولگام کی تمام 178 پنچایتوں میں ” بیک ٹو وِلیج “ عوامی ردِّعمل کا مشاہدہ
کمشنر سیکرٹری ریونیو نے ڈی کے مارگ میں سپورٹس کِٹس اور منظور ی نامے تقسیم کئے
کولگامانفوبیک ٹووِلیج مرحلہ چہار م پروگرام کے تحت آنے والے اَفسران نے ضلع کی تمام پنچایتوں کا دورہ کیا اور اِ س پروگرام کا ضلع بھرکی تمام 178 پنچایتوں میں زبردست عوامی ردِّعمل دیکھا گیا۔وِزٹنگ اَفسران نے مقامی لوگوں ، پی آر آئیز او رسول سوسائٹی کے اَرکان کی بات سنی تاکہ عوامی مسائل کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا او ران پنچایتوں میں مکمل ہونے والے کئی پروجیکٹوں کا اِفتتاح بھی کیا۔ضلع کے 11 بلاکوں میں ان تمام پنچایت حلقوں میں سلسلہ وار سرگرمیاں اَنجام دی گئیں۔کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بدھوری ،جو جاری پروگرام ” بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم “ پروگرام کے تحت اَپنے دوسرے دِن پنچایت حلقہ ڈی کے مارگ کے دورے پر آئے ہوئے تھے، نے پنچایت حلقہ ڈی کے مارگ میں مختلف سکیموں کی صورتحال، ترقیاتی کاموں ، عمل آوری کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا ۔کمشنر سیکرٹری ریونیو کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی ڈاکٹر جی وِی سندیپ ، ایس ڈی ایم نور آباد ، اے سی ڈی او ردیگر اَفسران بھی تھے۔اَپنے دورے کے دوران اُنہوں نے پی آر آئی ممبران اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں کی فلاح و بہبود اور ترقی سے متعلق مسائل کا جائزہ لیں۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے جاری عوامی رَسائی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے عوام سے فلاحی سکیموں اور متعلقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں رائے طلب کی۔اُنہوں نے یہاں ڈی کے مارگ میں یوتھ کلبوں اور طلباءمیں سپورٹس کِٹس بھی تقسیم کئے۔اِس سے قبل اُنہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اور مستحقین میں لینڈ پاس بک، گولڈن کارڈ، اِی۔ شرم کارڈ اور منظور ی نامے اور گھرپرویش کے مستفیدین میں گھر کی اشیاءتقسیم کئے۔اُنہوں نے ” بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ“ کے تحت لڑکیوں میں گفٹ پیک بھی تقسیم کئے اور کئی دفاتر اور اداروں کا دورہ بھی کیا اور ان محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ڈی کے مارگ ہیلتھ سینٹر کا بھی دورہ کر کے ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ ریکھ کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے پنچایت ڈی کے مارگ میں گھر گھر کوڑاکرکٹ جمع کرنے کے کام کا بھی آغاز کیا او رکوڑا کرکٹ کو جمع کرنے کے لئے پنچایت کو رکشا سونپا۔بعد میں اُنہوں نے سپورٹس سٹیڈیم کولگام کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے کرکٹ ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا اور سپورٹس کِٹس بھی تقسیم کئے۔






