لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صنعت وحرفت کے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی
سر ی نگر/13دسمبر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے یہاں محکمہ صنعت وحرفت کی شعبہ جاتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ پرشانت گوئیل نے بنیادی ڈھانچے کے موجودہ منظر نامے ، ترغیبی پالیسی پر عمل در آمد ، لینڈ بینک ، اِنڈسٹریل اسٹیٹس پر کام کی پیش رفت ، او این ڈی سی کے ساتھ اشتراک ، وَن ڈسٹرکٹ وَن پروڈکٹ اور دستکاری شعبے میں ترقی وغیرہ کے لئے برآمدات کو فروغ دینے کے اقدامات کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو برآمدات کو فعال طور پر آگے بڑھانے ، عالمی منڈی پر توجہ مرکوز کرنے والے دستکاری کے فروغ پروگراموں ، ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے اہم اِقتصادی نوڈس سے منسلک اِنڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی پر زور دیا۔اُنہوں نے مختلف پیرا میٹروں میں ” کاروبار کرنے میں آسانی “ اقدام کے تحت ہونے والی پیش رفت کا بھی نوٹس لیا۔ اُنہوں نے سینئر اَفسران سے کہا کہ وہ رُکاوٹوں کو دُور کرنے کے لئے اِصلاحات کی عمل آوری کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ صنعت و حرفت محکمہ کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں تاکہ اِنڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کو تیز کیا جاسکے اور تمام زیر اِلتوا¿ مسائل کو ایک ماہ کے اَندر حل کیا جاسکے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش پرساد ، کمشنر سیکرٹری ریونیو ڈیپارٹمنٹ وِجے کمار بدھوری ، سیکرٹری قانوناچل سیٹھی ، سیکرٹری صنعت وحرفت محکمہ سمیتا سیٹھی ، سربراہان ، منیجنگ ڈائریکٹروں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔






