اوڑی اور سوپور میں دو دہشت گرد ماڈیول طشت از بام
سری نگر//// 18 اگست//// یو این آئی////جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی اور سوپور میں دو ملی ٹینٹ گروہوں کا پردہ فاش کرتے ہوئے 10جنگجو معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی بارہ مولہ آمود ناگپوری نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 16آر آر اور بارہ مولہ پولیس نے چرنڈا اوڑی میں ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ نوجوان نے سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا رلا کر نوجوان کو حراست میں لیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کی شناخت شوکت علی آعوان ولد عبدالکریم آعوان ساکن چرنڈا اوڑی کے بطور ہوئی اور اس کے قبضے سے دو گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔موصوف ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار نوجوان نے پوچھ تاچھ کے دوران دو ساتھیوں کے نام ظاہر کئے جن کی شناخت شکور الدین اور محمد صادق کھٹانہ کے بطور ہوئی اور ان کے قبضے سے بھی دو گرینیڈ ، ایک چینی پستول ، ایک پستول میگزن اور چار راونڈ برآمد کئے گئے۔آمود ناگپوری نے بتایا کہ 11اگست 2023کو پوران تھاجل اوڑی میں ناکہ چیکنگ کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک ماروتی سوفٹ زیر نمبر CHOID-9588کو روکنے کا اشارہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار ڈرائیور اور مزید چار افراد نے ناکہ پارٹی کو بتایا کہ وہ ہسپتال جارہے ہیں لہذ ا انہیں آگے جانے کی اجازت دی جائے تاہم سیکورٹی فورسز کو گاڑی میں سوار افراد پر شک ہوا اور فوری طورپر گاڑی کی تلاشی لی۔ان کے مطابق دوران تلاشی گاڑی سے چار ہینڈ گرینیڈ، دو پستول ، چار پستول میگزین، دس گولیو ں کے راونڈ اور پچاس ہزار روپیہ نقدی برآمد کئے گئے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ سبھی پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کی بعد میں شناخت اختر بھائی ولد نیاز بٹ ساکن تارزو سوپور ، محمد اسلم کھٹانہ ولد عطامحمد ساکن چرنڈا اوڑی ، منیر احمد ولد محی الدین ساکن جبلہ اوڑی ، مدثریوسف ولد محمد یوسف ساکن کرانکشون اور بلال احمد ڈار ولد غلام محی الدین ساکن ہردہ شیوا سوپور کے بطور ہوئی۔ایس ایس پی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گرفتار شدگان پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کے کہنے پر اسلحہ وگولہ بارود کی سرحد پار اسمگلنگ کے کام پر مامور تھے اور وہ اسلحہ وگولہ بارود کو لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹوں تک پہنچانے کی فراق میں تھے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ادھر جموں وکشمیر پولیس نے شمالی قصبہ سوپور میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فوج کی 52 آر آر کی ایک مشترکہ پارٹی نے شیر کالونی تارزو میں قائم ایک چیک پوائنٹ پر دو مشتبہ افراد کو روکا جنہوں سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے بیان میں کہا: ‘تاہم سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے دونوں کو بر سر موقع ہی دھر لیا’۔بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت منظور احمد بٹ ولد عبدالرشید بٹ اور تنویر احمد لون ولد غلام محمد لون ساکنان در نبمل تارزو کے بطور کی گئی۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ دونوں کا تعلق کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 2 گرینیڈ، 8 پستول اور دوسرا قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔بیان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ادھر فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں مشترکہ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کی بھاری کھیپ بر آمد کی ہے۔فوج نے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کرکے کہا: ‘ مختلف ایجنسیوں کی طرف سے ممکنہ طور اسلحہ و گولہ برود کے سٹور موجود ہونے کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے پر فوج، بی ایس ایف اور پولیس کی ٹیم نے کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں 15 سے 18 اگست تک مشترکہ آپریشن شروع کیا’۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ اس دوران اسلحہ و گولہ بارود کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 5 اے کے رائفلیں، 7 پستول،4 ہینڈ گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد شامل ہے۔یو این آئی






