اوڑی انکاﺅنٹر: 3 عدم دہشت گرد ہلاک ، تلاشی آپریشن جاری
سری نگر.. 16 ستمبر ..یو این آئی…شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی کے ہتھ لنگہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک اور جنگجو مارا گیا جس کے ساتھ مہلوک جنگجوﺅں کی تعداد 3 ہوگئی۔پولیس کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اوڑی کے ہتھ لنگہ علاقے کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کئی گھنٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ دریں اثنا فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوج کی ڈوگر ڈویژن اور پولیس کو پچھلے کئی روز سے اطلاع موصول ہو رہی تھی کہ ملی ٹینٹ دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سرحد کے نزدیک ہی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ ان کے مطابق ہفتے کی صبح خراب موسمی صورتحال کے باوجود بھی رستم بٹالین نے ہتھ لنگہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران تین ملی ٹینٹوں کو سرحد عبور کرکے اس طرف آتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فوروسز نے ملی ٹینٹوں کو للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔ انہو ں نے بتایا کہ فوج نے ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر راکٹ لانچروں کا بھی استعمال کیا۔ ان کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جس دوران دو زخمی ہوئے۔ فوجی کمانڈر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صبح سوا نو بجے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس دوران دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا جبکہ تیسرے ملی ٹینٹ زخمی حالت میں واپس پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کی طرف چلا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے دہشت گرد کو بچانے کی خاطر فوج پر فائرنگ شروع کی اور جوں ہی ہم نے کوڈ کاپٹر کا استعمال کیا تو پاکستانی رینجرس نے اس پر بھی فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے ہی ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی خاطر محفوظ راہداری فراہم کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ زخمی ملی ٹینٹ بھی ہلاک ہوا ہے۔ فوجی کمانڈر کا کہنا تھا کہ آٹھ گھنٹے کا آپریشن جاری رہا جس دوران دو ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئی جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے میں براہ راست ملوث ہیں اور وہ دہشت گردوں کو مورل سپورٹ فراہم کرنے سے بھی گریز نہیں کر رہے ہیں۔ یو این آئی






