منشیات اور اس کاروبار میں ملوث ماسٹر مائنڈس کےخلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام کا تعاون ضروری / پولیس سربراہ
سرینگر/جموں کشمیرپولیس سربراہ آر آر سوئن نے کہا کہ منشیات کے خلاف اور اس کاروبار میں ملوث ماسٹر مائنڈس کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا گہرا ادراک ہے کہ عوامی تعاون کتنا ضروری ہے اور میرے افسران ہمیشہ یہ بات مجھ تک پہنچاتے ہیں اور اگر ہم عوام کے ساتھ ذمہ داری سے پیش آئیں گے تو وہ ہر حال میں تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں میں بھی فرق کرتے ہیں جو منشیات کے اس کاروبار کے ماسٹر مائنڈ س ہیں اور جو زمین پر اپنے پیادوں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا ” میرے افسران ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کے تعاون کے بغیر کام نہیں کر سکتے، جبکہ یہ ذہن میں رکھتے ہوئے کہ پولیس ایک خدمت ہے۔ ہم عوام کے تعاون کے لیے ان کے شکر گزار ہیں اور یہ صرف میرے دل کی بات نہیں بلکہ میرے دل سے ہے کیونکہ عوامی تعاون بہت ضروری ہے۔“انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اسپیشل پولیس آفیسرس (ایس پی او) پولیس خاندان کا حصہ ہیں اور وہ ان کے مسائل کو بھی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا”ہم ہمیشہ پولیس کی مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعے ایس پی اوز، ان کے خاندانوں اور بچوں کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں باقاعدہ پولیس کے تحت شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو ہم نے مختلف مواقع پر بھی کی ہے ۔ “ عوامی دربار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وہ سٹیشن ہیڈ کوارٹر سے باہر نکل کر ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کا پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد عوام کو راحت فراہم کرنا ہے اور اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے ان کی شکایات کو دور کرنے میں مدد کرنا ہے کیونکہ لوگوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔






