سری نگر…انفو…. لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گریز میں’ قومی قبائلی میلے‘ کا اِفتتاح کیا۔ یہ دو روزہ قبائلی میلہ دردشنا قبائلی کمیونٹی کی ثقافت اور روایات کا جشن ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بذریعہ ورچیول موڈ اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے ثقافتی تنوع میں قبائلی کمیونٹی کی بے پناہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بھگوان بِرسا منڈا کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا،”میں دردشنا قبائلی کمیونٹی کو ہندوستان کا سب سے قیمتی اثاثہ سمجھتا ہوںجو لوگوں کو اَپنی روایات اور رسومات کو محفوظ رکھنے کی تحریک دے رہی ہے۔ ان کی بھرپورروایات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔درد شینا کمیونٹی کا نیچرکے ساتھ گہرا تعلق ایک منفرد ثقافت اور اقدار کا حامل ہے۔ وہ اِنسانیت کو ایک طاقتور سبق دیتے ہیں کہ کیسے نیچر کے ساتھ ہم آہنگی میںدیرپاطرزِ زندگی گزارا جا سکتا ہے۔“لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں قبائلی ثقافت کو محفوظ کرنے اور ان کے قدیم وقار کو بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہمیشہ قبائلی کمیونٹی کو بااِختیار بنانے اور اُن کی زِندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دی ہے۔اُنہوں نے کہا،”قبائلی کمیونٹی کے خلاف دہائیوں سے جاری ناانصافی کا خاتمہ اگست 2019 ءمیں ہوا۔ مختلف اِصلاحاتی اَقدامات نے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کے سماجی و اِقتصادی حالات کو بہتر کیا ہے۔ گریز کو 2023ءمیں پہلی بار 1947 ءکے بعد گرڈ بجلی سے جوڑا گیاجو ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔“اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے دردشنا قبائلی کمیونٹی کے لئے شِنا گلگت 88.8 ایف ایم ریڈیو سٹیشن وقف کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ریڈیو سٹیشن نوجوانوںکو اقدار، علم اور روایات کو محفوظ رکھنے اور ان کی قدر کرنے کی ترغیب دے گا۔اُنہوںنے تجویز دی کہ نیا ریڈیو سٹیشن قبائلی کمیونٹی کی تاریخ پر ایک ہفتہ وار پروگرام نشر کرے۔اُنہوں نے کہا،”گریز کو ملک کی سب سے پسندیدہ آف بیٹ سیاحتی منزل کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ آج گریز کو ملک کے ایک اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے اور یہ اَپنی پُرسکون وادیوں اور دلکش دیہاتوںکے ساتھ قدرتی مناظر کے شوقین اَفراد کے لئے جنت سمجھا جاتا ہے۔ کمیونٹی ریڈیو پروگراموں کو اس کے قدرتی، فنکارانہ اور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرنا چاہیے۔“لیفٹیننٹ گورنر نے بھارتی فوج، محکمہ قبائلی امور، ضلعی انتظامیہ اور مختلف رضاکار تنظیموں کی دردشنا کمیونٹی کے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لئے ان کی لگن کی سراہنا کی۔منوج سِنہا نے جموں و کشمیر اور دیگر ریاستوں سے آئے فن کاروں کی ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے تحت پرفارمنس کو خصوصی طور پر سراہا۔قبائلی کمیونٹی کے اَرکان کو معاشرے اور ہندوستانی فوج کے لئے ان کی خدمات کیلئے اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب میں وزیر برائے قبائلی اَمور ، جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا،رُکن قانون ساز اسمبلی گریز نذیر احمد خان،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری،سیکرٹری قبائلی اَمور پرسنا راماسوامی جی،،ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ منظور احمد قادری، سیکورٹی فورسز، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران اور زِندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔






