سری نگر…انفو….جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے 79 ویں یومِ آزادی ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر میں ایک پُروقار ، شاندار اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اِس موقعہ پرلیگل کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے حب الوطنی کے جذبے اور اتحاد سے بھر پور ماحول پیدا ہوا۔تقریب کی صدارت چیف جسٹس، جسٹس ارون پلی نے کی جنہوں نے جسٹس سندھو شرما، جسٹس جاوید اِقبال وانی، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی، جسٹس محمد یوسف وانی اور جسٹس شہزاد عظیم کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا ۔ تقریب میں سابق ججوں، سول و پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہواجس میں رجسٹری کے افسران، ضلعی عدلیہ کے جوڈیشل افسران، سینئر وکلا، سرکاری وکلا، بار کے ارکان، اور ڈِسٹرکٹ کورٹ سری نگر کے وکلا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ، جے کے لیگل سروسز اتھارٹی اور ضلعی عدالت کے اَفسران بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے جو آئین کے نظریات سے یکجہتی اور وابستگی کی علامت ہے۔اِس موقعہ نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں عدلیہ اور قانونی پیشے کے ارکان کی طرف سے ادا کئے گئے اہم کردار کی یاد دہانی کے طور پر بھی کام کیا۔ آزادی کے کئی عظیم رہنماجن میں مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر شامل ہیں،پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے جنہوں نے قانون، وکالت اور آئینی نظریات کے ذریعے نوآبادیاتی حکمرانی کو چیلنج کیا اور ایک خودمختار، جمہوری ملک کی بنیاد رکھی۔ یہی ورثہ آج بھی لیگل کمیونٹی کو شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لئے متحرک رکھتا ہے۔تقریب کے دوران ہائی کورٹ کا ماحول اِنصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے آئینی اقدار سے گونجتا رہا۔ معزز ججوں کی موجودگی اوربنچ اور بار کی پُر جوش شرکت نے آئینی اصولوں کے تحفظ اور عوامی خدمت کے لئے ان کی مشترکہ وابستگی کو اُجاگر کیا۔تقریب کا اختتام ایک پُرعزم عہد کے ساتھ ہوا کہ قوم کی اصل طاقت انصاف، اتحاد، اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں ہے۔ عدلیہ اور قانونی کمیونٹی نے انصاف، مساوات، اور ملک کی ترقی کے لئے باہم مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






