سری نگر:۔۔۔ ۷۲،اگست۔۔۔۔:جے کے این ایس /مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو جموں و کشمیر میں انسداد دہشت گردی کے دو حالیہ آپریشنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپریل میں پہلگام حملے کے بعد دہشت گردوں کو فیصلہ کن پیغام دیا ہے جس میں26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور جموں و کشمیر پولیس کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے،مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ آپریشن سندھور اور آپریشن مہادیو نے سیکورٹی فورسز پر عوام کا اعتماد بحال کیا ہے اور یہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ کو ہندوستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپریشن سندور نے لوگوں میں اطمینان پیدا کیا، جسے آپریشن مہادیو نے اعتماد میں بدل دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایک مشترکہ آپریشن مہادیو میں، ہندوستانی فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ملوث تین دہشت گردوں کو بے اثر کر دیا ہے۔22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے مئی میں آپریشن سندور کیا، جس میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ امت شاہ نے کہا کہ آپریشن مہادیو کے ذریعے، سیکورٹی فورسز نے جولائی میں پہلگام قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو ختم کیا۔انہوںنے کہا کہ حملہ اس وقت ہوا جب سیاحت اپنے عروج پر تھی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ پہلگام حملہ کشمیر مشن کو پٹری سے اتارنے کی ناکام کوشش تھی۔ انہوں نے جموں و کشمیر پولیس کے کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فوج اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ ساتھ، جموں و کشمیر پولیس اب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔امت شاہ نے کہاکہ چاہے حکمراں پارٹی سے ہو یا اپوزیشن سے، سبھی نے آپریشن سندور اور مہادیو کے بارے میں خوشی اور جوش کا اظہار کیا، اور سیکورٹی فورسز کے تئیں شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ قومی سلامتی پر یہ بہت اعتماد ہر میدان میں دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی ہندوستان کی خواہش کی بنیاد ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ وزیر اعظم (نریندر) مودی اور پوری قوم کی طرف سے، میں ہندوستانی شہریوں کے دلوں میں تحفظ کے احساس کو مضبوط کرنے کے لئے سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔






