کولگام/03 ستمبر /انفو/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ اِیتو نے وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ کولگام کا دورہ کیا اور لگاتار بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں رُکن قانون ساز اسمبلی دیوسر پیرزادہ فیروز احمد شاہ،ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان، چیف اِنجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ وزیر موصوفہ اور مشیرموصوف نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ و ہ اُن حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ضروری اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنائیں جہاں کٹنے کے زیادہ اِمکانات ہیں۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ان علاقوں سے رہائشیوں کو بروقت اِنخلا کو یقینی بنائیں جہاں ضرورت ہو اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اِنتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عمل کریں، غیر محفوظ علاقوں سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع ضلع انتظامیہ کے کنٹرول روم کو دیں۔اُنہوں نے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ ہائی الرٹ پر رہیں، زمینی سطح پر اقدامات مزید تیز کریں اور حساس علاقوں میں بروقت اِنخلا یقینی بنائیں۔اِ س موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیرموصوفہ اور مشیر موصوف کو ضلع کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور بتایا کہ حساس دیہات اور مقامات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔بعد میں وزیر سکینہ اِیتو نے گڈر ، لیسو ، پرنہال ، چمب گنڈ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے لوگوںکو یقین دِلایا کہ حکومت صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔






