سری نگر:۳،ستمبر/ جے کے این ایس /ڈویژنل کمشنرکشمیر انشول گرگ نے بدھ کے روز کہا کہ مسلسل بارش اورآبی ذخائرمیں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں سے تقریباً 2500 لوگوں کو بچایا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈویڑنل کمشنرکشمیر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کل سے جنوبی کشمیر میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، جب کہ وسطی کشمیر میں بھی بارش ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سنگم اور رام منشی باغ کے مقام پردریائے جہلم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تاہم، آئی ایم ڈی کے مطابق، اب سطح کم ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی جانب سے ہنگامی منصوبے جاری ہیں۔ ڈویڑنل کمشنرکشمیر انشول گرگ کاکہناتھاکہ ہم یہاں برزلہ میں ہیں، صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جہاں ضرورت ہو وہاں کمک اور ریت کے تھیلے لگائے جا رہے ہیں، اور یہ عمل اگلے دو سے تین گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنر اضلاع میں انخلاءمہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈی سی سری نگر بھی زمین پر ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر کام کر رہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ پیشن گوئی سے پتہ چلتا ہے کہ بارش کم ہو سکتی ہے، جس سے پانی کی سطح کم ہو جائے گی، جو معمول کی طرف ایک مثبت علامت ہے۔






