سری نگر….انفو….وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ٹی آر سی فٹ بال گراﺅنڈ سری نگر میں قومی سطح کے کھیلوں کے ایونٹ کے باضابطہ آغاز کے موقعہ پر فٹ بال کو رسمی طور پرکِک مار کر 69 ویں نیشنل سکول گیمز کا باقاعدہ اِفتتاح کیا۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ممبر اسمبلی لال چوک شیخ احسان احمد (پردیسی)، ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود انورادھا گپتا، سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل اور دیگر کئی معززین و اَفسران نے شرکت کی۔اِس سال کے نیشنل سکول گیمز میں ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹیز کی نمائندگی کرنے والی 30 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ میچ چھ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں فٹ بال ، ووشو، تائیکوانڈو اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان اِتحاد، دوستی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،”کھیل اِتحاد اور دوستی کے پُل باندھتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں 69ویں نیشنل سکول گیمز کی اِفتتاحی تقریب میں آپ کے ساتھ موجود ہوں۔ بدقسمتی سے آج کا موسم مجھے طویل خطاب کی اِجازت نہیں دیتا اور نہ ہی میں چاہتا ہوں کہ آپ بارش میں کھڑے رہیں۔ موسم ہمارے قابو میں نہیں، لیکن مجھے، میرے ساتھیوں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے آپ سب کو اِس باوقار ٹورنامنٹ میں خوش آمدید کہنے میں دلی مسرت ہو رہی ہے۔“وزیر اعلیٰ نے شرکا¿ کو حکومت اور منتظمین کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔اُنہوںنے مزید کہا کہ ان کے آرام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا،”اگر آپ میں سے کسی کو کوئی تکلیف ہو،چاہے گرم کپڑوں کی کمی ہو یا کوئی اور ضرورت ہو،تو بلا جھجھک ہم سے رابطہ کریں۔ ہم آپ کے قیام اور شرکت کو آرام دہ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔“وزیراعلیٰ نے موسم کے بہتر ہونے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو مقابلے اور دوستی کے اس تجربے سے لطف اندوز ہونے کی تلقین کی۔اُنہوں کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں یادگار لمحات اور کامیابی کی خواہش کرتے ہوئے کہا،”جیسا کہ کہا جاتا ہے، جیتنا اِتنا اہم نہیں جتنا کہ حصہ لینا۔ میں آپ کی شرکت اور جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔“وزیر اعلیٰ نے حصہ لینے والی 30ٹیموں کے مارچ پاسٹ کو سراہا اور گراﺅنڈ میں موجود سکولی بچوں اور تماشائیوں کی طرف سے زور دار تالیاں بجائی گئیں ۔کھلاڑیوں ، کوچوں اور ٹیم آفیشلوںنے بھی منصفانہ کھیل ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کی اَقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہوئے سپورٹس مین شپ کا حلف لیا۔






