بڈگام/23 اکتوبر /انفو/بڈگام کے 27۔اسمبلی حلقہ کے ضمنی اِنتخابات کے سلسلے میں 173 پولنگ سٹیشنوں پر تعیناتی کے لئے پولنگ عملے کی پہلی رینڈیمائزیشن آج بڈگام میں انجام دی گئی۔یہ عمل ضلعی الیکشن آفیسر (ڈِی اِی او) بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی زیر نگرانی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی طرف سے مقرر کردہ رہنما خطوط کے مطابق مکمل کیا گیا۔اِس عمل کے ذریعے سافٹ ویئر کی مدد سے 1,020 ملازمین جن میں 50 فیصد ریزرو عملہ بھی شامل ہے، کی شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنیادوں پر تعیناتی کو یقینی بنایا گیا۔رینڈمائزیشن کے دوران ریٹرننگ آفیسر (آر او) 27۔اے سی بڈگام، ڈپٹی ضلعی الیکشن آفیسر (ڈپٹی ڈی ای او)، نوڈل آفیسر ای ٹی بی پی ایس اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر ڈِی اِی او بڈگام نے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ضلعی اِنتظامیہ حلقے میں آزادانہ، منصفانہ، جامع اور پُرامن اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔اُنہوں نے متعلقہ تمام افسران کو ہدایت دی کہ پولنگ عملے کی تربیت سے لے کر لاجسٹکس اور مواصلاتی سہولیات تک تمام اِنتظامات الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق بروقت مکمل کئے جائیں۔ڈی ای او نے اِس بات کا بھی اعادہ کیا کہ27۔اے سی بڈگام کے ضمنی انتخابات کا عمل تمام مراحل میں شفافیت اور جوابدہی رہنما اصول کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔






