سرینگر…..انفو…چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی تا کہ سرینگر میں 2 نومبر 2025 کو محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام ہونے والی کشمیر میراتھن کے دوسرے ایڈیشن کے انتظامات کا جائیزہ لیا جائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹورازم کے علاوہ سیکرٹری ہیلتھ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈی آئی جی ٹریفک ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، ایس ایس پی ٹریفک سرینگر ، کمشنر ایس ایم سی اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے اس شاندار ایونٹ کو جموں و کشمیر میں سیاحت اور کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کا ایک قیمتی موقع قرار دیا اور کہا کہ افتتاحی ایڈیشن کو زبردست پذیرائی ملی تھی اور اس نے خطے میں کھیلوں کے ایونٹس کیلئے نئے معیارات قائم کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور بیرون ملک سے رنرز کی شرکت کشمیر کی تفریح ، ایڈوینچر اور اسپورٹس ٹورازم کیلئے ایک اعلیٰ مقام کے طور پر شبیہ کو مزید مستحکم کرے گی ۔ مسٹر ڈولو نے تمام محکموں کے درمیان بغیر کسی رکاوٹ کے رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے کھلاڑیوں اور شرکاءکیلئے بے عیب انتظامات کو یقینی بنائیں جن میں نقل و حمل ، رہائش ، طبی سہولیات ، سکیورٹی ، صفائی اور ایونٹ منیجمنٹ شامل ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ ایونٹ کے دن میراتھن کے راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے ایک جامع ٹریفک منیجمنٹ پلان کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شرکاءکو ایک یاد گار تجربہ فراہم کیا جائے جو کشمیر کی مہمان نوازی اور بڑے پیمانے پر بین الاقوامی ایونٹس کی میز بانی کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرے ۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت نے بتایا کہ اس سال کے ایڈیشن میں کئی معروف قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ مقامی فنون ، دستکاری اور ثقافت کو اجاگر کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہو گا جس میں جموں و کشمیر کے ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم مصنوعات کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اسٹالز ہوں گے ۔ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر نے اپریشنل پلان کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ جس میں شرکاءکی رجسٹریشن ، راستوں کے انتظام ، رضاکاروں کی تعیناتی اور تشہیری مہمات شامل ہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فُل میراتھن ( 42 کلو میٹر ) شرکاءکو سرینگر کی قدرتی اور ثقافتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے والے ایک دلفریب سرکٹ سے گزرے گی جبکہ ہاف میراتھن ( 21 کلو میٹر ) دوڑنے والوں کو وادی کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ استقامت کو یکجا کرنے والا ایک بھر پور تجربہ فراہم کرے گا ۔ ایونٹ کی عظمت کو مزید بڑھاتے ہوئے کشمیر میراتھن 2025 میں ایک متاثر کن انعامی رقم شامل ہے جس میں فُل اور ہاف میراتھن دونوں زمروں کے فاتحین کیلئے خاطر خواہ انعامات ہیں ۔ فُل میراتھن کیلئے مجموعی زمرہ کے انعامات میں پہلی پوزیشن کیلئے 25 لاکھ روپے ، دوسری کیلئے 20 لاکھ روپے ، تیسری کیلئے 18 لاکھ روپے ، چوتھی کیلئے 15 لاکھ روپے اور پانچویں پوزیشن کیلئے 12 لاکھ روپے شامل ہیں ۔ (18-35 سال ، 36-50 سال اور 50+ سال کے ویٹرنز ) میں بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے ایک لاکھ روپے ، 75 ہزار روپے اور 50 ہزار روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے ۔ ہاف میراتھن کیلئے مجموعی زمرہ کے فاتحین کو بالترتیب پہلی پانچ پوزیشنوں کیلئے 15 لاکھ روپے ، 12 لاکھ روپے ، 9 لاکھ روپے ، 6 لاکھ روپے اور 3 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ عمر کے گروپوں کے فاتحین کو مرد اور خواتین دونوںشرکاءکیلئے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے 75 ہزار روپے ، 50 ہزار روپے اور 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے ۔ ایونٹ کے بارے میں پرامید خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ کشمیر میراتھن نہ صرف نوجوانوں میں فٹنس اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دے گی بلکہ ایک بڑے سیاحتی فروغ کے ایونٹ کے طور پر بھی کام کرے گی جو دنیا بھر سے سیاحوں کو وادی کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی دولت کا تجربہ کرنے کیلئے راغب کرے گی ۔






