سری نگر…..انفو…….لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ 31 اکتوبر 2019 ءکو ایک پُر امید جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری بن گئی اور لوگوںکا امن و ترقی کا خواب مختصر عرصے میں ہی پورا ہوا۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی گئیں، ہر قسم کے امتیاز کا خاتمہ ہوا اور سماجی اِنصاف اور مساوات قائم کی گئی۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے یوم تاسیس کے موقعہ پر خطاب کر رہے تھے ۔ اِس سے قبل اُنہوں نے ’اتحاد کا حلف‘ دِلایا اور ’رَن فار یونٹی‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تاکہ ہندوستان کے متحد کرنے والے سابق نائب وزیر اعظم اور پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ وِلادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سردار پٹیل اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے خواب جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے ذریعے پورے ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں جامع ترقی کے مقصد کے لئے اِتحاد پر زو ردیا۔ اُنہوں نے کہا،”ہمیں سردار پٹیل کے نظریات اور اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور آتم نربھر جموں و کشمیر اور وِکست بھارت کے مشترکہ ہدف کے لئے ایک متحد قوت کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ ہم نے ہمہ جہت ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور اِس سفر کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔“لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ریاست کا درجہ دینے کی یقین دہانی کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پہلے حد بندی، پھر اسمبلی اِنتخابات اور مناسب وقت پر ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔اُنہوں نے سرکاری ملازمین میں ملوث سرکاری ملازمین کی برطرفی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک گورننس سسٹم سے دہشت گردی کے پورے ڈھانچے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ ان عناصر کے خلاف متحد رہیں جو ترقیاتی عمل میں رُکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار کو روکنے کی کوششیں جاری ہیںلیکن عوام کو متحد ہو کر یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ترقی کا یہ عمل بلاتعطل جاری رہے۔اُنہوں نے عوامی نمائندوں اور سرکاری اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ امن، ہم آہنگی اور ترقی کے رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے اَپنی مشترکہ ذمہ داریوں کو ایمانداری سے ادا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”2019 کے بعد سے جموں و کشمیر کی اُمنگیں ملک کی اُمنگوں سے جڑ گئی ہیں۔ ہمیں اَپنے اتحاد کو وسیع پیمانے پر خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لئے لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ ہمارا سفر چار پی کے ویژن امن، ترقی،خوشحالی اورعوام کو مقدم رکھنا کی روشنی میں آگے بڑھتا رہے گا۔“اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے’جموں و کشمیر میں تبدیلی کی حکمرانی کا دور‘ کے موضوع پر ایک تصویری نمائش کا اِفتتاح بھی کیا۔ نوجوان کامیاب شخصیات اور اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد نے اپنی کامیابی کی داستانوں کا اشتراک کیا جبکہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی تیار کردہ دستاویزی فلم ’وِکست جموں و کشمیر‘بھی پیش کی گئی۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سنیل شرما ،رُکنِ پارلیمان راجیہ سبھا اِنجینئر غلام علی کھٹانہ ،چیئرپرسن جے کے وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی ،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،سپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ ،، اِنتظامی سیکرٹریز، سیکورٹی فورسز، سول و پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران، تعلیمی اِداروں کے سربراہان، نوجوان اوراور تمام شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہری موجود تھے۔






