جموں/24نومبر /انفو/چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بھر میں’ یومِ آئین‘ (سمودھن دیوس) کی شاندار تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔26 نومبر 2025 ءکو ہونے والی تقریبات ہندوستان کے آئین کی منظوری کے 75 ویں سال کی سال بھر کی یادگاری تقریبات کے اختتام کی علامت ہیں۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری کلچر، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈِی، سیکرٹری سکولی تعلیم ،سیکرٹری قانون، ڈِی ڈِی جی این آئی سی، اِی ڈِی مبارک منڈی ہیرٹیج سوسائٹی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔جائزہ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامیہ کا مقصد آئین کا پیغام سرکاری حلقوں سے باہر وسیع تر عوام تک پہنچانا ہے تاکہ لوگوں میں آئین کے ساتھ گہرا جذباتی تعلق پیدا ہو اور عوامی شمولیت میں اِضافہ ہوجو کہ اِس عظیم ورثے کا حصہ ہے۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ یومِ آئین پر ہم آہنگ اور مو¿ثر سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما نے 26 نومبر 2025 ءکو منائے جانے والے دِن کے ایکشن پلان کے اہم نکات پیش کئے۔اِس میں ’ ماس پریمبل ریڈنگ ‘بھی شامل ہے جس میں تمام خطے میں آئین کے دیباچے کا اِجتماعی ریڈنگ صبح 11 بجے قومی سطح کے پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر کیا جائے گا۔ یہ تمام سرکاری دفاتر، سکولوں اور کالجوں میں آئینی طور پر تسلیم شدہ زبانوں میں منعقد ہوگا۔ اِس دِن خصوصی دوڑ ’رَن فار جسٹس، لبرٹی، مساوات اور بھائی چارے‘ تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں پر منعقد کی جائے گی تاکہ نوجوانوں اور عوام کو فعال طور پر شامل کیا جا سکے۔ اِس کے علاوہ سکول اور کالج خصوصی اسمبلیاں منعقد کریں گے جو آئین ساز اسمبلی میں خواتین اراکین کے کردار اور شراکت پر توجہ مرکوز کریں گے۔ مزید یہ کہ سکولوں، پنچایتوں اور عوامی مقامات پر تمہید کی عکاسی کرنے والا وال آرٹ بنایا جائے گا۔ایکشن پلان میں آئین سے متعلق دستاویزی فلموں اور فلموں کی سکریننگ بھی شامل ہے جس کے لئےconstitution75.com کی فراہم کردہ مواد کا اِستعمال کیا جائے گا۔ وزارتِ پرسنل، پبلک گریوینس اور پنشن کی جانب سے 4:30 سے5:30 شام تک ایک ویب نار بھی مقرر ہے جسے دیکھنے کی ترغیب دی گئی۔اَتل ڈولو نے سال بھر جاری مہم (26 نومبر 2024 ءتا 26 نومبر 2025ئ) کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَب تک ہونے والی وسیع پیمانے کی عوامی رسائی پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ 20 نومبر 2025 ءتک مختلف محکموں جیسے داخلہ، ٹوراِزم، دیہی ترقیات اور سکولی تعلیم کی جانب سے جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 5,009 تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔میٹنگ کو سالانہ سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ مہم نمایاں عوامی شمولیت کا باعث بنی جن میں 3,200 حلف برداری و عہد کی تقریبات سب سے نمایاں رہیں۔ ان کے ساتھ 756 سمینارو سمپوزیم اور 534 بڑے پیمانے پر بیداری مہمات بھی شامل تھیں۔ اِس کے علاوہ مہم میں 291 ثقافتی و موسیقی تقاریب اور 132 ’رن فار یونٹی‘ پروگرام بھی منعقد کئے گئے تاکہ مختلف سرگرمیوں کو پورا کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قومی سطح کی ہفتہ بھر جاری مہم میں حصہ لیں جس میں کمیونٹی مکالمے، کھلی بحثیں اور آن لائن شرکت شامل ہے۔ اُنہوں نے عوام سے ”آن لائن پلیج“ لینے اور MyGov.in پورٹل پر دستیاب ’سمودھن کوئز‘ میں حصہ لینے کی اپیل کی۔تمام نوڈل اَفسران اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان تاریخی تقریبات کی دستاویزات سرکاری پورٹل www.constitution75.com پر اَپ لوڈ کریں تاکہ اِس قومی موقع کی دیرپا ڈیجیٹل یادگاریں تشکیل دی جا سکیں۔






