سرینگر // 12 نومبر/انفو/
لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر، منوج سنہا نے بدھ کے روز وومیدھ گروپ کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف سرینگر (TIFFS) کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ امن کی مکمل بحالی کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے میں موجود دہشت گردی کے ہر عنصر کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس عمل میں عوام کے ہر طبقے کو تعاون کرنا ہوگا۔ایل جی سنہا نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ ایسی فلمیں تیار کریں جو دہشت گردی کے متاثرین کی تکالیف کو بیان کریں، دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک اور اس کے سرغنوں کو سامنے لائیں اور اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کو دنیا تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کو بے نقاب کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔“عوام پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کو بروقت معلومات فراہم کریں تاکہ معاشرے میں چھپے ہوئے دہشت گردی کے پورے نظام کو بے اثر کیا جا سکے اور پڑوسی ملک کی مذموم سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ پانچ سے چھ برسوں میں جموں و کشمیر پولیس، فوج، انٹیلیجنس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی مسلسل محنت اور قربانیوں کے نتیجے میں وادی میں خوف سے پاک ماحول قائم ہوا ہے۔“ہم نے نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل کے لیے ایک محفوظ، معاون اور جامع نظام تیار کیا ہے۔ معاشرے کو چاہیے کہ وہ اس امن، خوشی اور امید کے ماحول کا مشترکہ طور پر دفاع کرے،” انہوں نے کہا۔ایل جی سنہا نے بتایا کہ یو ٹی انتظامیہ نے فلمی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کشمیر کے فلم انڈسٹری سے تاریخی تعلق کو بحال کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے فلم سازوں سے کہا کہ وہ تفریح اور سماجی ذمہ داری کے درمیان توازن برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا، “سینما معاشرتی بیانیوں کی تشکیل، ثقافتی اتحاد کے فروغ اور ایک بھارت شریشٹھ بھارت کی روح کو مضبوط کرنے کا ایک انتہائی طاقتور ذریعہ ہے۔”فیسٹیول کی اہم خصوصیات: سرینگر میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے چوتھے ایڈیشن کو 20 ملکوں سے 100 سے زائد فلمی اندراجات موصول ہوئیں۔ جیوری نے 20 شارٹ فلمیں، 6 فیچر فلمیں اور 4 دستاویزی فلمیں نمائش کے لیے منتخب کی ہیں۔ منتخب فیچر فلموں میں بھارت، پولینڈ، روس اور سری لنکا کی فلمیں شامل ہیں، جبکہ دیگر نمائندگی کرنے والے ممالک میں امریکہ، فرانس، جرمنی، ترکی اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔یہ تین روزہ ثقافتی و فلمی جشن مختلف ثقافتوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور کہانی سنانے کی عالمی روایت کو مضبوط کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ یہ رنگا رنگ تہوار جموں و کشمیر کی فنکارانہ سرگرمیوں کی بحالی کی علامت ہے جو دنیا بھر کے فلم سازوں اور سینما سے وابستہ افراد کو وادی کی طرف متوجہ کر رہا ہے۔افتتاحی تقریب میں روہت بھٹ اور راکیش روشن بھٹ (ڈائریکٹرز TIFFS)، پروفیسر نذیر احمد گنائی (وائس چانسلر SKUAST-K)، انشل گرگ (ڈویڑنل کمشنر کشمیر)، راجیو پانڈے (ڈی آئی جی سی کے آر)، اکشے لابرو (ڈپٹی کمشنر سرینگر)، وومیدھ گروپ کے ارکان، ایونتی فاو¿نڈیشن، لینڈمارک کرافٹس لمیٹڈ، سرکردہ فنکار، فلمی شخصیات اور سینما کے شائقین نے شرکت کی۔






