سری نگر۔۔۔۔۔جے کے این ایس ۔۔۔۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے پہلے ہی روڈ میپ کو واضح کرنے کے باوجود چند افراد جموں و کشمیر کے لوگوں کو ریاست کی بحالی کے سلسلے میں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق قومی یوم اتحادکے سلسلے میں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ نے پہلے حد بندی، پھر انتخابات، اور اس کے بعد، مناسب وقت پر ریاست کا درجہ واضح کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنفیوڑن پھیلانے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مرکز کے زیر انتظام حکومت کے پاس کافی اختیارات ہیں جنہیں سیاسی قیاس آرائیوں کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ 31 اکتوبر ایک نئے جموں و کشمیر کی پیدائش کا دن ہے جس نے خوف، علیحدگی اور امتیازی سلوک کو ختم کیا، امن، ترقی اور جمہوریت میں شرکت کو جنم دیا۔منوج سنہا نے کہا کہ6 سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تاریخ رقم ہوئی جب بھارتی پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین کو جموں و کشمیر تک بڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے لیے بہت سے لوگوں نے قربانیاں دی تھیں، جس کی بنیاد سردار ولبھ بھائی پٹیل نے رکھی تھی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مزید کہا کہ آرٹیکل370 کی منسوخی کےساتھ علیحدگی پسندی کی دیواریں گر گئی ہیں، دہشت گردی کو کچل دیا گیا ہے، اور جموں و کشمیر میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے تشدد کے راستے کو مسترد کر دیا ہے اور پتھر بازی ماضی کی بات بن چکی ہے، اب لوگ امن اور ترقی کی حمایت میں آگے آ رہے ہیں۔






