سرینگر….02دسمبر …ایجنسیز…. شمالی کمان کے فوجی کمانڈر نے کشتواڑ اور ادھم پور کا دورہ کرکے وہاں انسداد دہشت گردی گرڈ کا جائزہ لیا جبکہ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کیلئے فوجیوں کے عزم پر زور دیا۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل پراتیک شرما نے کشتواڑ اور ادھم پور میں انسداد دہشت گردی گرڈ کا جائزہ لیا اور مسلسل چوکسی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف شمالی کمان نے پیر کو ادھم پور اور کشتواڑ اضلاع کے بسنت گڑھ اور چھترو علاقوں کا دورہ کیا، جو پچھلے دو سالوں میں کئی دہشت گردی کے واقعات کا مشاہدہ کر چکے ہیں۔فوج کے شمالی کمان نے ایکس پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ” لیفٹنٹ جنرل پرتیک شرما نے چھترو اور بسنت گڑھ کا دورہ کیا تاکہ انسداد دہشت گردی کے گرڈ اور یونٹوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ اپنے دورے کے دوران، آرمی کمانڈر نے زمینی کمانڈروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی، سیکورٹی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے مضبوط اقدامات کی حکمت عملی بنائی۔ “ انہوں نے ابھرتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے میں قیادت اور فوجیوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔آرمی کمانڈر نے جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کے لیے شمالی کمان کے ثابت قدم عزم پر زور دیتے ہوئے مسلسل چوکس رہنے اور ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت کو دہرایا۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں کا پائیدار عزم اس اجتماعی مشن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔






