امن و خوشحالی کی خاطر کام کرنے کےلئے پرعزم /الطاف بخاری
سرینگر/ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے امن، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کی سیاسی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی خاطر کام کرنے کے لیے پ±رعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر مبہم ایجنڈے اور واضح وڑن کی وجہ سے اپنی پارٹی کو قیام کے فوراً بعد ہی عوامی پذیرائی حاصل ہونا شروع ہوگیا اور آج جموں کشمیر کے ہر علاقے میں لوگ جوق در جوق اس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق یہ باتیں اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے آج پارٹی کے مرکزی دفتر شیخ باغ سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ تقریب میں سرینگر کے گوری پورہ راولپورہ سے تعلق رکھنے والے دو سرکردہ سیاسی کارکنوں بلال احمد راتھر اور محمد شفیع وانی نے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ”جموں و کشمیر میں اپنی پارٹی میں شامل ہونے والے پ±رجوش سیاسی لیڈران اور کارکنوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا واضح عندیہ ہے کہ پارٹی کو ہر گزرتے دن کے ساتھ عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے غیر مبہم سیاسی بیانیے، اور واضح ایجنڈے کی بدولت ہمیں عوامی اعتماد حاصل ہورہا ہے۔ میں تہہ دل سے بلال احمد اور محمد شفیع کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ان کی شمولیت سے چھانہ پورہ حلقہ میں ہمارے پارٹی کیڈر کو مزید تقویت ملے گی۔“تقریب میں پارٹی کے ریاستی کنوینر حاجی پرویز، حلقہ انچارج چھانہ پورہ محمد اشرف ڈار، زونل صدر حلقہ چھانہ پورہ اعجاز خان، زونل یوتھ صدر چھانہ پورہ ارشاد احمد، کارپوریٹر جواہر نگر غلام نبی بٹ، صدر دفتر کے انچارج توصیف بشیر سمیت پارٹی کے متعدد لیڈران موجود تھے۔






