اونتی پورہ…انفو…وزیر برائے زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج اور اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اَونتی پورہ میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ”دیرپا مناظر کے مستقبل کی نقشہ سازی: لوگوں، مقامات اور طریقہ کار کے لئے جغرافیائی اِختراع“ کا اِفتتاح کیا۔یہ کانفرنس اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اور اِنٹرنیشنل سوسائٹی فار فوٹوگرامیٹری اینڈ ریموٹ سنسنگ (آئی ایس پی آر ایس) کے اِشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں عالمی ماہرین، ماہرین تعلیم اور پالیسی ساز شرکت کرتے ہیں تاکہ دیرپا ترقی کو آگے بڑھانے میں جغرافیائی ٹیکنالوجیز کے رول پر غور و خوض کیا جاسکے ۔وزیرموصوف نے اِفتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس جموں و کشمیر کے زرعی اور باغبانی شعبوں کے لئے اِنتہائی اہمیت کی حامل ہے جہاں جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار، وسائل کے اِنتظام اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتی ہےں۔ اُنہوں نے دیرپا اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے لئے جموں و کشمیر حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سائنس، اِختراع اور عوامی شمولیت کو ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے جیو اسپیشل تحقیق اور اِختراع میںاِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) کی خدمات کو اُجاگر کیا اور ’نیشنل 75 سٹوڈنٹ سیٹلائٹ مشن‘کے تحت طالب علموں کی قیادت میں”کشمیر سیٹلائٹ“ تیار کرنے کے لئے ایک نئے انکیوبیٹر کے قیام کا اعلان کیا۔کانفرنس میں کلیدی سیشنز، تکنیکی پرزنٹیشنز اور ماہرین کے ساتھ گفتگو کے سیشنز شامل ہیں جودیرپائی اور سمارٹ گورننس کے لئے جیو اسپیشل اِختراع پر مرکوز ہیں۔اِس موقعہ پر پروفیسر ، سابق صدر آئی ایس پی آر ایس ڈاکٹر کرسچن ہیپکے، صدر آئی ایس پی آر ایس ڈاکٹر لینا ہالونووا ، سیکرٹری جنرل، ایشین ایسوسی ایشن آف ریموٹ سنسنگ ٹوکیو ڈاکٹر کوہی چو، ڈائریکٹر نیشنل انسٹی چیوٹ آف ایڈوانسڈ سٹیڈیز انڈیاڈاکٹر شیلش نایک ، وائس چانسلر، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر پروفیسر رویندر ناتھ، چیئرپرسن وِی 4وِی آئی سی ڈبلیو جی آئی ایس پی آر ایس پروفیسر انجنا وِیاس، ڈین اکیڈیمک افیئرزپروفیسر اے ایم مون، سربراہ شعبہ جیومیٹکس ڈاکٹر طارق عبداللہ،اور اسسٹنٹ پروفیسرجیومیٹکس ڈاکٹر جاسیہ بشیر موجود تھے۔






