سرینگر۔۔۔10ستمبر۔۔ سی این آئی۔۔۔ ہماچل پردیشن کے بعد سیلاب کی صورتحال اور بادل پھٹنے، بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ چند دنوں میں جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ کٹرا کا فضائی سروے بھی کریں گے۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں بارشوں ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ جلد ہی متوقع ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی حالیہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ان کے دورہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ مٹی کے تودے سے متاثرہ کٹرا شہر کا فضائی سروے بھی کریں گے، جہاں گزشتہ ماہ ویشنو دیوی مندر کے راستے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 35 سے زائد یاتریوں کی موت ہوئی تھی۔اس کے علاوہ وزیر اعظم کشتواڑ ضلع کے چسوتی کا فضائی سروے بھی کریں گے جہاں گاو¿ں میں مٹی کے تودے گرنے سے 65 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ذرائع نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی جموں و کشمیر میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا بھی اعلان کر سکتے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے ہماچل پردیش کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور ان کیلئے خصوصی پیکیج کا بھی اعلان کیا ۔






