سرینگر15۔۔۔مارچ ۔۔۔۔۔و ی او آئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم کا دورہ جموں کشمیر کے بعد کمیشن میں دو نئے کمشنروںکی تقرری جمعہ کو عمل میں لانے کے بعد اب بھارتی الیکشن کمیشن پارلیمانی انتخابات کا بگل باضابطہ طور پر سنیچر وار 16مارچ کو بجائے گا اور اس کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق بھی نافذالعمل رہے گا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، پول پینل نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات اور کچھ ریاستی اسمبلیوں کے شیڈول کا اعلان کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس ہفتہ کو سہ پہر 3 بجے منعقد کی جائے گی۔کمیشن کی جانب سے انتخابی تاریخ کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ملک میں ضابطہ اخلاق بھی نافذ العمل ہوگا ۔جبکہ لوک سبھا نشستوں کےلئے امیدواروں کی جانب سے نامزدگیاں دائر کرنے اور فارم واپس لینے کی تاریخ بھی طے ہوگی ۔ موجودہ لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے اور اس سے پہلے ایک نیا ایوان تشکیل دیا جانا ہے۔پچھلی بار لوک سبھا انتخابات کا اعلان 10 مارچ کو ہوا تھا اور 11 اپریل سے سات مرحلوں میں منعقد ہوئے تھے۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوئی تھی۔






