پامپور//اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں اپنے حق رائے دیہی کا بھر پور استعمال کریں تاکہ روایتی سیاستدانوں کو انتخابی بائیکاٹ کا ناجائز فائدہ اٹھانے سے روکا جاسکے۔سید الطاف بخاری جمعہ کو کونی بل پامپور میں پارٹی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔
موصولہ بیان کے مطابق، سید الطاف بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے نتیجے میں عوام مفاد کو زک پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہمیں یہ بات سمجھنی ہوگی کہ ایک جمہوری نظام میں عوام کا ووٹ کا حق با اختیار بنادیتا ہے۔ اسلئے عوام کو اپنے اس حق کا بھرپور استمعال کرنا چاہیے تاکہ حکومت سازی میں اُن کی عملی شرکت ہو۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’نہ صرف یہ کہ عوام کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہیے بلکہ اُنہیں یہ حق ذہانت کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔‘‘ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے قائد نے کہا، ’’ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ کس طرح سے الیکشن بائیکاٹ کی وجہ سے خود غرض سیاستدانوں اور استحصالی عناصر کو اپنے معاشی اور سیاسی مفادات کے لئے عوام کو نقصان پہنچانے کا موقعہ ملا۔‘‘اُن کا کہنا تھا، ’’جب لوگ اپنے ووٹ کا استعمال ہیں کرتے ہیں تو وہ دراصل خود کو بے اختیار بناتے ہیں کیونکہ اس وجہ سے روایتی سیاستدانوں کو پورا انتخابی نظام یرغمال بنانے کا موقعہ ملتا ہے۔
‘‘سید الطاف بخاری نے کہا، ’’روایتی سیاستدان اور خود ساختہ لیڈران تو یہی چاہتے ہوں گے کہ آپ اپنے ووٹ نہ ڈالیں تاکہ اںہیں اس کا فائدہ ملے۔ اس لئے عوام کو اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا تاکہ وہ اچھے نمائندوں کو چُن سکیں۔ ایک اچھی اور جوابدہ حکومت قائم کرنے کےلئے ضروری ہے کہ لوگ خود اپنے نمائندوں کو چُنیں۔‘‘سید الطاف بخاری نے اپنی پارٹی کو روایتی جماعتوں کے مقابلے میں ایک بہتر آپشن قرار دیتے ہوئے کہا، ’’جن بدترین حالات سے ہم فی الوقت دو چار ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہائیوں تک جموں کشمیر میں بر سراقتدار رہنے والی جماعتوں کی کارکردگی کیسی رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ان روایتی سیاسی جماعتوں نے عوام کو ہمیشہ دھوکہ دیا ہے اور گمراہ کیا ہے۔ اس طرح سے ان کے لیڈران نے اپنے لئے محلات تو تعمیر کرلئے ہیں لیکن عوام کو طرح طرح کے مصائب اور مشکلات سے دوچار کردیا۔
‘‘انہوں نے کہا، ’’ اس بار کے اسمبلی الیکشن حق اور باطل کے درمیان کے ایک لڑائی کے مصداق ہیں۔ آپ نے ماضی میں روایتی سیاسی جماعتوں سے ہمیشہ دھوکے اور فریب کھائے ہیں، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی حق کی طرفدار ہے اور مجھے یقین ہے کہ لوگ حق کا ہی ساتھ دیں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’اپنی پارٹی کا ایجنڈا بالکل واضح ہے۔ ہم یہاں دائمی امن، مستقل خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لئے سامنے آئے ہیں۔ ہم عوام کو جھوٹے وعدوں سے بہلانے اور نا قابلِ حصول اہداف کی طرف راغب کرنے کی سیاست نہیں جانتے ہیں۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیں امن وخوشحالی اور ترقی کا اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کا ایک موقعہ فراہم کریں۔
‘‘سید الطاف بخاری نے کہا، ’’ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اپنی پارٹی کی پوری توجہ جموں کشمیر میں تعلیمی، طبی اور صنعتی شعبوں کا انفراسٹکچر قائم کرنے کی طرف مبذول رہے گی۔ ہم اس خطے سے غربت کا مکمل خاتمہ کرنے کے اقدامات کرتیں گے۔ ہمارے پاس عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانے کا ایجنڈا ہے۔ ہماری حکومت غریب خواتین کی شادیوں کے لئے حکومت امداد پچاس ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ کرے گی۔ سرما میں عوام کو پانچ سو یونٹ اور گرما میں تین سو یونٹ بجلی مفت فراہم ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر کنبے کو سالانہ چار گیس سلینڈر مفت فراہم کئے جائیں گے۔
‘‘اس تقریب میں سید الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سینئر لیڈران اور کارکنان موجود تھے، اُن میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، چیئر مین ڈی ڈی سی سرینگر اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری آفتاب ملک، جنوبی کشمیر کے کارڈی نیٹر شوکت غیور، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، یوتھ لیڈر الطاف احمد میر، یوتھ لیڈر ڈاکٹر سمیع اللہ، تاج اللہ اندرابی، پارٹی کے سٹریٹجیک ایڈوائزر یونس نائک، یوتھ لیڈر سلمان بٹ، عرفات خان اور دیگر اشخاص شامل تھے۔






