سری نگر…انفو….وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے پری فائنل بیچ کے ایم بی بی ایس طلبہ کے ایک گروپ کو کالج کے احاطے سے 15 روزہ آل انڈیا تعلیمی دورے کے لئے روانہ کیا۔اِس موقعہ پرپرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر ڈاکٹر عفت حسن شاہ، ایسوسی ایٹیڈ ہسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹر محمد اشرف حکاک، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹروں اور بڑی تعداد میں طلبہ بھی موجود تھے۔وزیر صحت سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی دورہ ہمارے مستقبل کے ڈاکٹروں کے تعلیمی سفر کا ایک نیا اور انقلابی باب ثابت ہوگا جس سے انہیں ملک بھر کے معروف طبی اِداروں میں مختلف طبی طریقہ کار، جدید تحقیقی ماحول اور ممتاز ماہرین صحت سے روبرو بات چیت اور تبادلہ خیال کا موقعہ ملے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایکسپوزر ٹور نہ صرف ان کے طبی نقطہ نظر کو وسیع کرے گا بلکہ کل کے ہیلتھ کیئر لیڈرز کے طور پر ان کی مجموعی ترقی کو پروان چڑھائے گا۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ اَقدام حکومت کی جانب سے طبی تعلیم کو مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے تاکہ طلبہ کو کلاس روم سے باہر حقیقی دُنیا کے تجربات فراہم کئے جا سکیں۔وزیر صحت نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اِس موقعہ سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے علم اور تجربات میں اضافہ کریں۔طلبا¿ نے وزیر صحت سے بات کرتے ہوئے اس دورے پر روانگی کو لے کر بے حد خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں انتہائی اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ یہ 15 روزہ ہمہ جہت تعلیمی دورہ طلبہ کو دہلی، کیرالہ، گوا اور دیگر مقامات پر واقع ملک کے نامور طبی اداروں، ہسپتالوں اور تحقیقی مراکز کا دورہ کرنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔دورے کے دوران طلبا¿ مختلف رِیاستوں کا سفر کریں گے، علمی نشستوں، ہسپتالوں کے دوروں، ورکشاپوں اور سمیناروں میں شرکت کریں گے جن میں مختلف طبی شعبوں اور اُبھرتی ہوئی ہیلتھ ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال ہوگا۔ طلبہ ممتاز محققین کے ساتھ اِستفساری سیشنوںمیں حصہ لیں گے، جدید طبی طریقہ کار کا مشاہدہ کریں گے، عملی ورکشاپوں میں شرکت کریںگے اور طبی سائنس، پبلک ہیلتھ پالیسی اور طبی اخلاقیات میں ہونے والی پیش رفت پر لیکچرز سنیں گے۔






