سرینگر/18دسمبر/ ایس این این// قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے لال قلعہ دھماکہ کیس میں ایک اور کلیدی ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ادھر دہلی دھماکہ کیس کے سلسلے میں پٹیالہ ہاو¿س کی خصوصی این آئی اے عدالت نے یاسر احمد ڈار کو 26 دسمبر تک این آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق دہلی دھماکہ کیس میں گرفتاری کے بعد پٹیالہ ہاو¿س کی خصوصی این آئی اے عدالت نے یاسر احمد ڈارساکنہ شوپیان کو 26 دسمبر تک این آئی اے کی تحویل میں دے دیا ۔ جمعرات کے روز انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ وہ اس معاملے میں نویں ملزم ہیں۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اسپیشل این آئی اے جج) انجو بجاج چندنا نے ایجنسی کے وکیل کی عرضیوں کو سننے کے بعد ڈار کو این آئی اے کی تحویل میں بھیج دیا۔ عدالت نے بند کمرے میں سماعت کی۔ ملزم کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔15 دسمبر کو عدالت نے ڈاکٹر بلال ناصر ملہ اور شعیب کی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع کر دی۔ دونوں ملزمین کو این آئی اے کی تحویل کی مدت ختم ہونے کے بعد پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران، خصوصی این آئی اے جج نے این آئی اے کی درخواست کی اجازت دی تھی جس میں بلال ناصر ملہ کے ہاتھ سے لکھے ہوئے نمونے لینے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ اس کے بعد ہینڈ رائٹنگ کے نمونے مجسٹریٹ کے سامنے حاصل کیے گئے۔اگلے دن عدالت کی اجازت سے ملّا کی آواز کا نمونہ بھی حاصل کر لیا گیا۔خیال رہے کہ 10 نومبر کی شام 7 بجے کے قریب دہلی دھماکے میں کل 15 افراد ہلاک اور دو درجن سے زیادہ زخمی ہوئے تھے ۔ این آئی اے کے مطابق یاسر احمد ڈار کو دہلی سے گرفتار کر لیا گیا جو اس کیس کا کلیدی ملزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاسر کی گرفتاری کے ساتھ اب تک اس کیس میں 9ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔






