جموں…. انفو….محکمہ کواپریٹوز جموں و کشمیر نے آج کنونشن سینٹر جموں میں 72 ویں آل انڈیا کواپریٹو ویک کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل ائیر آف کواپریٹوز 2025 کا بھی جشن منایا ۔ وزیر برائے کواپریٹوز ، زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ اس تقریب میں اہم شخصیات بشمول کمشنر سیکرٹری کواپریٹوز ، زراعت ، باغبانی اور نابارڈ کے محکموں کے سربراہان ، ممتاز شہری اور کواپریٹو سوسائٹیوں کے اراکین نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز کواپریٹو پرچم کشائی اور دیلی اسکول بینڈ کی شاندار پرفارمنس سے ہوا ۔ اس کے بعد مسٹر جاوید ڈار نے سینئر افسران کے ہمراہ فارمر پروڈیوسر آرگنائیزیشنز ( ایف پی اوز ) ، پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائیٹیز ( پی اے سی ایس ) ، ڈیری یونٹس اور خواتین سیلف ہیلپ گروپس کی طرف سے لگائی گئی نمائش کے سٹالز کا دورہ کیا اور مستفیدین سے ان کی مصنوعات ، اختراعات اور معاشی سرگرمیوں کے بارے میں براہ راست بات چیت کی ۔ تقریب کے دوران وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں کواپریٹو سیکٹر کو جدید بنانے اور مضبوط کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات کا اتتاح کیا ۔ تقریب کے دوران محکمہ کی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں جموں و کشمیر بھر میں کواپریٹو سوسائٹیوں کی کامیابی کی کہانیاں اور ان کے ارتقائی سفر کو پیش کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں مسٹر جاوید احمد ڈار نے جموں و کشمیر میں کواپریٹو شعبے میں جاری تبدیلی پر زور دیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کے عزم کو دوبارہ دوہرایا کہ وہ ” سہکار سے سمردھی “ کے وژن پر پختہ ہیں اور کواپریٹو سوسائٹیوں کے دیہی روز گار میں معاونت کو فروغ دینے اور روز گار پیدا کرنے میں اہم کردار کو اجاگر کیا ۔ وزیر موصوف نے غیر فعال پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیوں کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وہ دیہی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں ۔ پروگرام کے ابتدائی حصے میں کمشنر سیکرٹری کواپریٹو نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا ۔






