منی پورمیں2خواتین کے برہنہ پریڈ کرانے کا واقعہ انتہائی شرمناک /وزیراعظم مودی
سری نگر…۰۲، جولائی…جے کے این ایس ………. کوکی زومی کمیونٹی کی2خواتین کو مردوں کے ایک ہجوم کے ہاتھوں برہنہ پریڈ کرتے ہوئے دکھائے جانے والے ویڈیو کے ایک دن بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو منی پور تشدد پر اپنی خاموشی توڑی، اور کہا کہ ان کا دل ’شرمناک‘ واقعے پر درد اور غصے سے بھرا ہوا ہے، اور منی پور کی ان بیٹیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، اسے کبھی معاف نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو معاف کیا جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق 3مئی کو بھڑکنے والے منی پور تشدد پر اپنے پہلے ریمارکس میںوزیر اعظم مودی نے کہاکہ آج جب میں آپ کے درمیان آیا ہوں اور جمہوریت کے اس مندر کے پاس کھڑا ہوں تو میرا دل درد سے بھرا ہوا ہے، غصے سے بھرا ہوا ہے۔ منی پور میں جو واقعہ سامنے آیا ہے وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے شرمناک واقعہ ہے۔پارلیمنٹ کے مانسون سیشن2023 کے آغاز پر اپنے ریمارکس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پورے ملک کی توہین کی گئی ہے، اور 140 کروڑ ہم وطنوں کو شرم محسوس ہو رہی ہے۔ وزیر اعظممودی نے تمام وزرائے اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاستوں میں امن و امان کو مزید مضبوط بنائیں اور خواتین کے تحفظ کے لیے سخت ترین اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ میں تمام وزرائے اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی ریاستوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مضبوط بنائیں، خاص طور پر اپنی ماو¿ں اور بہنوں کی حفاظت کے لیے سخت ترین اقدامات کریں۔اپنے مختصر ریمارکس کے دوران مودی نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں جیسے راجستھان اور چھتیس گڑھ میں خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ راجستھان، چھتیس گڑھ، منی پور یا ملک کا کوئی بھی حصہ، امن و امان کو برقرار رکھنے اور خواتین کے احترام کو کسی بھی سیاسی بحث سے بالاتر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ‘میں ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔مودی نے کہاکہ قانون اپنی پوری طاقت کے ساتھ، ایک کے بعد ایک قدم اٹھائے گا۔ جو کچھ منی پور کی بیٹیوں کے ساتھ ہوا ہے اسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔






