سری نگر/25جنوری /انفو/وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی وپنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج قومی یومِ رائے دہندگان 2026 کے موقعہ پرلوگوں کوشہریوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی۔ یہ دن ملک بھر میں”‘میرا ہندوستان ، میراووٹ بھارت۔ بھارتی جمہوریت کے دِل میں شہری“کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے۔اُنہوں نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں نوجوانوں بالخصوص پہلی بار ووٹ ڈالنے والے رائے دہندگان کو مُبارک باد دِی اور قوم کے جمہوری ساخت کو مضبوط بنانے میں اُن کے اہم کردار پر زور دیا۔وزیرموصوف نے کہا،”ووٹ ڈالنے کا حق محض ایک آئینی استحقاق نہیں ہے بلکہ یہ ایک اہم ذِمہ داری اور قوم کے مستقبل کی تشکیل کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔“اُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جمہوریت پر اَپنے اعتماد کا اعادہ کریں۔ اُنہوںنے تمام لوگوں پر زور دیا کہ وہ آئین میں درج اَقدار کی پاسداری کریں اور آزاد، منصفانہ، شفاف اور پُرامن اِنتخابات کے لئے پُرعزم رہیں۔وزیر جاوید احمد ڈارنے اس بات پر زور دیا کہ قومی یومِ رائے دہندگان ہر شہری کی اس ذمہ داری کی یاد دہانی کرتا ہے جو ایک فعال اور جامع جمہوریت کو یقینی بنانے کے لئے اس پر عائد ہوتی ہے۔






