جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن انعقاد پرسیکورٹی فورسز کو مبارکباد /ڈی جی پولیس، اے ڈی جی پی
سری نگر25مئی/ یو این آئی/پولیس چیف دلباغ سنگھ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر وجے کمار نے سری نگر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر سیکورٹی فورسز اور انٹیلی ایجنسیوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔بتادیں سری نگر میں پیر سے شروع ہونے والا یہ سہہ روزہ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔کشمیر زون پولیس نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘اے ڈی جی پی کشمیر شری وجے کمار جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، فوج، بی ایس ایف، ایس ایس بی، این ایس جی، ایم اے آر سی او ایس، این ڈی آر ایف اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے افسروں اور جوانوں کو جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں’۔یہ سہہ روزہ اجلاس سری نگر میں 22 مئی کو شروع ہوا تھا اور اس اجلاس کے مندوبین جمعرات کی صبح دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔قابل ذکر ہے کہ یہ دفعہ 370 کی تنیسخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے برا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔دریں اثنا پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے بھی جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے پر امن اور کامیاب انعقاد پر سیکورٹی ایجنسیوں کور مبارکباد پیش کی ہے۔پولیس ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس سربراہ نے جی ٹونٹی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر جمون وکشمیر پولیس ، سی آ ر پی ایف ، فوج ، بی ایس ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بڑے بین الاقوامی اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے بھی سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کیا جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یو این آئی






