مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دو روزہ دورے پر 27اکتوبر کو کشمیر پہنچیں گے
ایل او سی اور کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ بڈگام میں فوجی تقریب میں شرکت کریں گے
سری نگر ،25/اکتوبر/ یو پی آئی /مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ دو روزہ دورے پر 27اکتوبر کو کشمیر وارد ہونگے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران وزیر دفا ع بڈگام میں انفنٹری دن کے تقریب میں شرکت کے ساتھ ساتھ اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کریں گے۔ یو پی آئی کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعرات یعنی 27اکتوبر کے روز وادی کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اپنے اس دورے کے دوران وزیر دفاع وسطی ضلع بڈگام میں انفنٹری ڈے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع سرحدی علاقوں کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پر ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال کا بچشم جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا کہ انفنٹری تقریب میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف آف ڈی ڈیفنس اسٹٓف جنرل انیل چوہان، جنرل آفیسر کمانڈنگ ن چیف شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیوی کے علاوہ دیگر سینئر آفیسران بھی شرکت کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس تقریب میں شرکت کے بعد وزیر دفاع بادامی باغ سری نگر میں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے کشمیری فوجی جوانوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع 28اکتوبر کو لداخ جائیں گے اور وہاں پر چین کے ساتھ لگنے والی صورتحال کے بارے میں سینئر فوجی آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔






