کانگریس اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے جموں کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف تھی / امیت شاہ
سرینگر/25نومبر/سی این آئی/کانگریس اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے جموں کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف تھی کی بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس کے اکسانے پر سماج دشمن عناصر تشدد کیا کرتے تھے جس کے بعد ہم نے 2002 میں سبق سکھایا، پھر امن بحال ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں الیکشن ایم ایل اے اور حکومت بنانے کا نہیں ہے، یہ الیکشن اگلے 25 سالوں کیلئے گجرات کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق گجرات میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک مرتبہ پھر کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سال 2002 سے پہلے کانگریس کے اکسانے پر سماج دشمن عناصر ریاست میں ہنگامہ برپا کرتے تھے۔ تاہم سال2002 میں جب ہم نے انہیں سبق سکھایا تو امن بحال ہوا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کانگریس پر حملہ بولا۔انہوں نے کہاگجرات میں کانگریس کے دور میں (1995 سے پہلے) بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے۔امیت شاہ نے مزید کہا کہ کانگریس ریاست میں فسادات کر کے مختلف برادریوں اور ذاتوں کے لوگوں کو ایک دوسرے سے لڑنے کے لیے اکساتی تھی۔ اور اس میں وہ تشدد کے باوجود اپنے ووٹ بینک کے لوگوں کو اکساتی تھی۔ شاہ نے مزید کہا کہ کانگریس نے صرف اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کیا اور سماج کے ایک بڑے طبقے کے ساتھ ناانصافی کی۔امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ 2002 کے فسادات گجرات میں ہوئے کیونکہ کانگریس کی طویل حمایت کی وجہ سے مجرموں کو تشدد میں ملوث ہونے کی عادت پڑ گئی تھی۔ اسی لیے مجرموں نے گودھرا واقعہ کے بعد یہ ردعمل دیا۔ 2002 میں انہیں سبق سکھانے کے بعد ان عناصر نے (تشدد کا) راستہ چھوڑ دیا۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے 2002 سے 2022 تک فرقہ وارانہ تشدد سے مسلسل پرہیز کیا۔مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی پر کانگریس کو بھی نشانہ بنایا، وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف تھی ۔






