مینڈھر ۔۔۔28 جنوری /انفو/وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے آج مینڈھر سب ڈویژن اور منکوٹ علاقے کے مختلف سرحدی دیہاتوں کا وسیع دورہ کیا ، جہاں انہوں نے مقامی باشندوں سے ملاقات کی اور مالی سال 2025-26 کے دوران مختلف شعبوں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران وزیر موصوف نے عوام کے ساتھ براہ راست بات چیت کی اور ان کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل خاص طور پر پینے کے پانی کی فراہمی ، بجلی کی سپلائی ، سڑکوں کی رابطہ کاری ، سرحدی اور دور دراز علاقوں میں صحت اور تعلیمی اداروں کے کام کاج کے بارے میں شکایات کو بڑے غور سے سُنا ۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ تمام جائیز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تا کہ بنیادی سہولیات میں بہتری اور عوامی خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وزیر موصوف نے مختلف اسکیموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائیزہ لیا اور ان کی بروقت تکمیل پر زور دیا ، ساتھ ہی معیار ، شفافیت اور احتساب پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ سب ڈویژنل انتظامیہ کے سینئر افسران بشمول ایس ڈی ایم مینڈھر ، تحصیلدار منکوٹ اور بی ڈی او منکوٹ کے علاوہ جل شکتی ، پبلک ورکس ، صحت ، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔






