سرینگر۔۔۔۔30مئی ۔۔۔۔سی این آئی ۔۔۔جموں پونچھ شاہراہ پر اکھنور کے مقام پر سڑک کے ایک المناک حادثے میں اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے 21یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 60سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ۔ ادھر حادثے پر صدر ہند ، وزیر اعظم مودی اور جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے اکھنور علاقے میں اس وقت پونچھ جموں شاہراہ پر چیخ و پکار کی گونج فضا میں سنائی دی جب اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے یاتریوں سے بھری ایک مسافر بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی عین شاہدین نے بتایا کہ بس اتر پردیش کے ہاتھرس سے ریاسی ضلع کے شیو کھوری علاقے کی طرف جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ بس تقریباً 200 میٹر گہری کھائی میں جا گری جس کے بعد بچاﺅ آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔عین شاہدین کے مطابق بس گہری کھائی میں گرنے کے ساتھ ہی وہاں چیخ و پکار سنائی دی اور ہر طرف مدد کی پکار تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور سیول انتظامیہ کی خصوصی ٹیمیں علاقے میںپہنچ گئی جنہوں نے وہاں بچاﺅ آپریشن شروع کر دیا اور وہاں سے لوگوں کو نکل کر اسپتال پہنچایا گیا تاہم ان میں سے 21افراد کی اسپتال پہنچنے پر موت ہوئی جبکہ دیگر زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں بھرتی کیا گیا ۔ بلاک میڈیکل آفیسر اکھنور، محمد سلیم خان نے بتایا کہ 21 افراد کومردہ ہسپتال لایا گیا اور 69 کے قریب زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید زخمیوں کو خصوصی علاج کے لیے جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا ہے۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نےا س کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بس نمبر (UP81CT-4058) یاتریوں کو اتر پردیش کے ہاتھرس سے شیو کھوری لے جا رہی تھی، اکھنور اور بھمبلہ کے درمیان چوکی چورا پر چونگی موڈ کے قریب گہری کھائی میں گر گئی۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں 21افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 60سے زائد زخمی ہے جن کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا صدر دروپدی مرمو نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا”جموں کے قریب اکھنور میں بس حادثے میں جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر الفاظ سے پرے درد ہوا۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں“۔ اسی دوران جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے واقعہ کو ”دل دہلا دینے والا“ قرار دیا اور کہا کہ انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے لکھا ”جموں کے اکھنور میں بس حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ انتظامیہ امداد فراہم کر رہی ہے۔ سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور زخمیوں کو طبی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔






