سرینگر/ 29 جنوری/انفو/ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سرینگر، اکشے لبرو نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر، پروفیسر افت حسن شاہ کے ہمراہ جی ایم سی سرینگر اور اس کے زیر انتظام وابستہ اسپتالوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس جائزہ اجلاس کا مقصد ان مختلف امور کو حل کرنا تھا جن کے لیے بین المحکمانہ تال میل درکار ہے، تاکہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، مریضوں کی نگہداشت بہتر ہو، طبی تعلیم کو فروغ ملے اور وابستہ اسپتالوں میں مجموعی سہولیات میں اضافہ کیا جا سکے۔ ان وابستہ اسپتالوں میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال، سپر اسپیشلٹی اسپتال شیرین باغ، ایل ڈی اسپتال، بون اینڈ جوائنٹ اسپتال، چھاتی امراض (سی ڈی) اسپتال، نفسیاتی اسپتال اور چلڈرن اسپتال بمنہ شامل ہیں۔موقع پر ہونے والے اس جائزہ میں ایڈمنسٹریٹر جی ایم سی سرینگر محمد اشرف حقاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر عادل فرید، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی نزہت خورشید، چیف پلاننگ آفیسر فیاض احمد ڈار، سپرنٹنڈنگ انجینئر آر اینڈ بی نارتھ ڈویڑن شبیر احمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر آر اینڈ بی ساو¿تھ ڈویڑن تاثیر منظور، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس اسپتال ڈاکٹر اندلیب، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سپر اسپیشلٹی اسپتال شیرین باغ ڈاکٹر روبینہ، آر اینڈ بی، واٹر ورکس اور ماسٹر پلان ڈویڑن کے ایگزیکٹو انجینئرز، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) اور ضلع انتظامیہ و جی ایم سی سرینگر کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔جائزے کے دوران ڈی سی اور پرنسپل جی ایم سی نے جاری منصوبوں اور مجوزہ کاموں کا معائنہ کیا اور بین المحکمانہ تال میل کے ذریعے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے اقدامات پر غور کیا، تاکہ وابستہ اسپتالوں میں مریضوں کی سہولیات، طبی تعلیم اور علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی سی سرینگر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ باہمی ہم آہنگی اور مربوط انداز میں کام کریں اور جی ایم سی و اس کے وابستہ اسپتالوں سے متعلق مسائل کے عملی اور قابلِ عمل حل پیش کریں۔ انہوں نے آئندہ ہفتے فالو اپ اسپاٹ وزٹس کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈی سی نے جی ایم سی انتظامیہ کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے اور مریضوں کی نگہداشت اور خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے، جس کا مقصد تمام وابستہ اسپتالوں کی فعالیت میں اضافہ کرنا ہے۔دورے کے دوران افسران نے جی ایم سی سرینگر میں ملٹی فیسلٹی سینٹر (ایم ایف سی)، ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں ایڈیشنل سرجری بلاک اور دیگر نئے منظور شدہ منصوبوں کے جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا، جو مریضوں کی سہولت اور صحت کی خدمات میں بہتری کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔ ڈی سی نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن سے متعلق تمام کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مو¿ثر تال میل پر زور دیا۔اس سے قبل اجلاس میں پرنسپل جی ایم سی سرینگر نے وابستہ اسپتالوں کے ان ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی جن پر بین المحکمانہ تال میل کے ذریعے فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے اور مریض مرکوز خدمات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے مریضوں کے بوجھ کو سنبھالنے اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔






