محکمہ موسمیات کی9دنوں کیلئے تازہ موسمیاتی ایڈوائزری
سری نگر۷۱،اکتوبر جے کے این ایس محکمہ موسمیات نے18،19اور20اکتوبر کوجموں و کشمیر میں کچھ مخصوص میدانی علاقوں میں بارش اورگلمرگ اورپہلگام سمیت جنوبی کشمیرمیں کچھ مقامات پرہلکی برف باری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ پھر21سے25اکتوبرتک جموں وکشمیرمیں موسم مجموعی طورپر خشک رہے گا۔جے کے این ایس کے مطابق پیرکی صبح محکمہ موسمیات نے اگلے9دنوں کیلئے تازہ موسمیاتی جانکاری یاایڈوائزری جاری کی ،جس میں بتایاگیاہے کہ17 اکتوبرکووادی کشمیر میں چند مقامات پر دوپہریادیر شام سے بارش ہونے کا امکان جورات تک جاری رہ سکتی ہے۔تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیاکہ میدانی علاقوں میں بارش ہونے کے بیچ برفباری کے امکانات صفر کے برابر ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کے علاقے میں دوپہریادیر شام سے بارش ہونے کا امکان ہے اورایک یادومقامات پررات تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ساتھ ہی متعلقہ محکمہ نے کہاکہ17اکتوبر کوشام یارات دیر سے لداخ میں چند مقامات پر بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزیدکہاکہ18 اکتوبرکو جموں و کشمیر میں کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے، خاص طور پر کشمیر میں، دوپہریاشام تک میدانی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے تاہم برف باری کے امکانات صفر ہیں ،اوراس دوران لداخ میں چند مقامات پر بارش یابرفباری کا امکان ہے تاہم مجموعی طور پر کسی بڑی چیزیعنی بھاری برف باری کی توقع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ19 اکتوبرکو دوپہر اور رات کے درمیان جموں اور کشمیر میں کچھ مقامات یعنی میدانی علاقوں میں ہلکی یادرمیانہ درجے کی بارش کا امکان ہے لیکن میدانی علاقوں میں برفباری کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں ،اورساتھ ہی لداخ میں چند مقامات پر بارش یابرفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ 20اکتوبرکو صبح سویرے اور دوپہرکے اوقات کے دوران جموںو کشمیر میں بہت سے یعنی زیادہ تر مقامات پر بارش کا امکان ہے تاہم بعددوپہر تک سسٹم یعنی موسم صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات نے تاہم کہاکہ شوپیان کے میدانی علاقوںمیں20اکتوبر کوبرف باری کے 10فیصد،کولگام کے میدانی علاقوںمیں5فیصد،اسی ضلع کے قدرے بالائی علاقوں میںہلکی برف باری ہونے کاامکان ہے اورساتھ ہی پہلگام اور گلمرگ میں برفباری ہونے کا25فیصد امکان ہے جبکہ لداخ میں بھی کئی مقامات پر بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ پھر21سے25اکتوبرتک جموں وکشمیرمیں موسم مجموعی طورپر خشک رہے گا۔






