اتل ڈولو نے ٹی ڈبلیو جی کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی
جموں انفو ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں ” جامع ایکسپورٹ پروموشن پالیسی ( سی اِی پی پی ) “بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے حال ہی میں تشکیل دئیے گئے تکنیکی ورکنگ گروپس ( ٹی ڈبلیو جی) کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں وائس چانسلر سکاسٹ جموں ، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر ، سیکرٹری اے پی ڈی ، ڈائریکٹر جنرل سیر ی کلچر جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر جنرل پشوپالن کشمیر ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر زراعت جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ، ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم ، ڈائریکٹر فشریز جے اینڈ کے ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی ، ٹی ڈبلیو جی کے دیگر ممبران اور محکمہ کے سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔میٹنگ میں جموںوکشمیر سے زرعی اجناس کے فروغ اور زرعی برآمدات میں حصہ بڑھانے کے لئے ایک مناسب پالیسی نظام وضع کرنے پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔میٹنگ میں زرعی شعبے کو فروغ دینے کے لئے ” برانڈ جے کے “ کو اِس کی اِنفرادیت اور معیار کے لئے فروغ دینے ، برآمدات کے مواقع کے لئے کسانوں کو قابل اور بااِختیار بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کی برآمدی بنیاد کو متنوع بنانے کے لئے مختلف دیگر ذرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اَتل ڈولونے میٹنگ میں کہا کہ جموںوکشمیر میں متنوعی زرعی اجناس کی برآمد کی بہت زیادہ صلاحیت ہے اور ہمیں اِس صلاحیت کے مطابق برآمدی فروغ کی پالیسی کو وضع کرنے کے لئے اَپنی مہارت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ اُنہوں نے ہر ٹی ڈبلیو جی کے چیئرمینوں اور ممبران سے کہا کہ وہ برآمدی فروغ کے لئے مصنوعات کی مخصوص سفارشات پیش کریں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار نے ٹی ڈبلیو جی کے ممبران پر مزید زور دیا کہ وہ اِس موقعہ کویہاں کے زرعی شعبے کی ترقی میں اہم اقدام کے لئے استعمال کریںجو طویل مدت میں جموںوکشمیر کی زرعی برآمدات کو فروغ دے گا۔ اُنہوں نے مختلف محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ زرعی شعبے کی برآمدی سرگرمیوں میں شامل تمام شراکت داروں کے لئے صلاحیت سازی پروگرام ترتیب دیں۔اَتل ڈولو نے ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ٹی ڈبلیو جی کے اَراکین کے درمیان ہم آہنگی اور اس پالیسی کے کامیاب عمل آوری کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تفویض کردہ ذمہ داریوں پر تیزی سے کام کریں تاکہ زرعی اجناس کے فروغ کے لئے ایک ٹھوس پالیسی بروقت وضع کی جا سکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید سربراہان سے کہا کہ وہ آئی جی ٹیگنگ کے لئے ورکشاپ کا اہتمام کریں تاکہ مختلف شراکت داروں اور کسانوں کو بھی آئی جی ٹیگنگ کے فوائد سے آگاہ کیا جاسکے۔میٹنگ میں دونوں وائس چانسلر وں اور ٹی ڈبلیو جی کے دیگر تکنیکی ماہرین نے جموںوکشمیر سے زرعی اجناس کے فروغ کے لئے ایکسپورٹ پروموشن پالیسی بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات دیں۔






