وزیراعظم نریندرمودی کی والدہ انتقال کرگئیں
سری نگر ۰۳،دسمبر جے کے این ایس وزیراعظم نریندرمودی کی والدہ ہیرا بین جمعہ کوانتقال کرگئیں ،اُن کی عمر99سال تھی ۔صدر ہنددروپدی مرمو،وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ،دیگر مرکزی وزرائ،کانگریس صدر سونیاگاندھی ،راہل گاندھی ،ریاستوںکے وزرائے اعلیٰ ،دیگر سیاسی لیڈروں ،جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا،سابق وزرائے اعلیٰ عمرعبداللہ ،محبوبہ مفتی ،ممبر پارلیمنٹ داکٹر فاروق عبداللہ ،اپنی پارٹی کے صدر سیدالطاف بخاری،پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون،غلام نبی آزاد اور دیگر لیڈروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔جے کے این ایس کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی کی99سالہ والدہ ہیرا بین کا احمد آباد کے یو این مہتا ہارٹ اسپتال میں علاج کے دوران جمعہ کوعلی الصبح ساڑھے3 بجے انتقال ہوگیا۔صدر ہنددروپدی مرمو،وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ،دیگر مرکزی وزرائ،کانگریس صدر سونیاگاندھی ،راہل گاندھی ،ریاستوںکے وزرائے اعلیٰ ،دیگر سیاسی لیڈروں نے الگ الگ تعزیتی بیانات میں وزیراعظم نریندرمودی کی والدہ کے انتقال پر سخت رنج وغم کااظہارکیا۔انہوںنے وزیراعظم کی والدہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نریندرمودی اور دیگر سوگواراںکیساتھ تعزیت اوریکجہتی کااظہارکیا۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے کئی سیاست دانوں نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے ہندی میں ایک ٹویٹ میں کہا” وزیر اعظم کی محترمہ والدہ کا انتقال بہت افسوسناک ہے۔ ماں پیار کی کائنات، اقدار اور آداب کی نرسری، وجود کی توسیع اور زندگی کی تکمیل ہے“۔انہوںنے مزیدلکھاکہ محترم ماں کو میرا دلی خراج عقیدت۔”وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت۔ اوم شانتی“۔جموں و کشمیر بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔الطاف ٹھاکر نے کہاکہ’محترم وزیر اعظم نریندر مودی جی۔ مجھے آپ کی والدہ کے انتقال پر بہت دکھ ہوا ہے اور میں اس غم میں برابر کا شریک ہوں۔ ماں کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرحوم کی روح کو سکون دے اور آپ کو اور خاندان کے دیگر افراد کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر عطا فرمائے،“۔نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور ان کے بیٹے عمر عبداللہ نے بھی وزیر اعظم کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔عمرعبداللہ نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ ”میں اپنے والد اور پارٹی کے ساتھیوں سمیت پی ایم نریندرمودی جی کو ان کی والدہ کے افسوسناک انتقال پر دلی تعزیت بھیجنے میں شامل ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے اور خاندان کو اس مشکل وقت میں طاقت ملے“ ۔پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے ٹویٹر پر کہا کہ وہ ابدی سکون سے آرام کرے۔اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ ان کے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔الطاف بخاری نے کہاکہ وزیر اعظم مودی جی کی والدہ ہیرا بین مودی کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔انہوںنے کہاکہ میں اپنی گہری تعزیت پیش کرتا ہوں۔ میرے خیالات اور دعائیں غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے افراد کے ساتھ ہیں۔ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ وزیراعظم مودی کی کی والدہ محترمہ ہیرا بین کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا۔انہوںنے کہاکہ” میں جانتا ہوں کہ ایسے وقت میں الفاظ بہت کم سکون کے ہوتے ہیں۔ تاہم، میری دلی تعزیت وزیر اعظم سے ہے۔ میں بھی مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا گو ہوں۔“






