سری نگر…انفو….چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے مرکزی سیکرٹری برائے صحت و خاندانی بہبود پونیا سلیلا سریواستو کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی جس میں جموں و کشمیر بھر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور طبی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے طریقوںپر غور وخوض کیا گیا۔میٹنگ کے شروعات میں چیف سیکرٹری نے یونین ٹیریٹری کے متعدد میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافے کے لئے وزارت کا شکریہ اَدا کیا۔میٹنگ میں مرکزی معاونت والی کلیدی تعمیراتی منصوبوں کی پیش رفت،نئے قائم شدہ میڈیکل کالجوں میں ایم ڈی،ایم ایس، ڈی ایم،ایم سی ایچ اور ڈِی این بی جیسے خصوصی کورسوںکے تعارف اور ان کالجوں میں 50 ایم بی بی ایس نشستیں بڑھانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا جنہوں نے اس کے لئے درخواست دی تھی۔ اِس کے علاوہ حال ہی میں قائم کردہ گورنمنٹ میڈیکل کالجوں (جی ایم سی) میں ٹریشری نگہداشت طبی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔چیف سیکرٹری نے وزارت سے اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ کی تکمیل میں تیزی لانے اور اے آئی آئی ایم ایس جموں کی توسیع میں سہولیت فراہم کرنے کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔ اُنہوں نے یونین ٹیریٹری میں وزارت کے تمام اَقدامات کوعملانے میں جموں و کشمیر اَنتظامیہ کے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔مرکزی صحت سیکرٹری نے میٹنگ کے دوران اُٹھائے گئے تمام مسائل پر ہمدردانہ غور اور بروقت کارروائی کی یقین دہانی کی۔






