اودھمپور 17 ستمبر /انفو/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اودھمپور کے تھارڈ میں این ایچ 44 کے متاثرہ حصے کا معائینہ کیا اور جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا ، ایم ایل اے چنینی بلونت سنگھ منکوٹیہ ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور ، ایس ایس پی اودھمپور ، ایس ایس پی ٹریفک کے علاوہ سینئر افسران اور مقامی عوام کے نمائندے موجود تھے ۔ دورے کے دوران این ایچ اے آئی کے ریجنسل آفیسر آر ایس یادو نے وزیر اعلیٰ کو کام کی پیش رفت کے بارے میں بریف کیا جس میں شاہراہ کی توسیع ، دھات کاری اور این ایچ 44 کے دوسرے ٹیوب کی بحالی شامل ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو موجودہ سنگل لائن ٹریفک انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرنے کیلئے کئے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے این ایچ اے آئی حکام کو ہدایت دی کہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تا کہ مسافروں اور عام عوام کی امدورفت میں آسانی ہو ۔ انہوں نے ایگزیکٹو ایجنسیوں کو ہداٰیت دی کہ اضافی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کیا جائے تا کہ وقت پر کام مکمل ہو ۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے تھارڈ میں مقامی باشندوں سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کو غور سے سُنا ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت این ایچ 44 کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے اور مسافروں اور عوام کو ضروری ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔






