سرینگر… 30 اکتوبر /انفو /چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے گروپ آف کنسرنڈ سٹیزنز ( جی سی سی ) کے ساتھ ایک تعاملی اجلاس منعقد کیا ، جو جموں و کشمیر کے ممتاز ریٹائیرڈ سول افسران کا ایک اجتماعی گروپ ہے جس کی قیادت سابق ایڈوائیزر ٹو دی گورنر خورشید احمد گنائی کر رہے تھے ۔ غور و خوض کے دوران چیف سیکرٹری نے گروپ کی طرف سے یونین ٹیر ٹیری میں اہم ترقیاتی ، ماحولیاتی اور شہری مسائل کے حوالے سے پیش کئے گئے خدشات اور تجاویز کو صبر سے سُنا ۔ انہوں نے جی سی سی کے ارکان کی تعمیری شرکت کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ان کی کئی تجاویز پہلے سے ہی مختلف سطحوں پر فعال غور و فکر یا عمل درآمد کے مراحل میں ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ریٹائیرڈ افسران کی طرف سے پیش کئے گئے قیمتی ان پٹس کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی مشاورت سے گورننس کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے کیونکہ اس سے محکمانہ اقدامات کو زمینی حقائق اور عوامی توقعات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاتا ہے ۔ اجلاس میں شریک نمایاں افسران میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس ( پی سی سی ایف ) ، سیکرٹری ہیلتھ ، وائس چئیر مین ایل سی ایم اے ، کمشنر ایس ایم سی ، چئیر پرسن جے اینڈ کے پولیوشن کنٹرول کمیٹی اور چیف انجینئرز پی ڈبلیو ڈی ، جل شکتی اور ایری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹس شامل تھے ۔ گروپ نے کئی ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت اجاگر کی ۔ ارکان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ سرینگر کیلئے سیلاب کے خاتمے کے اقدامات کو تیز کریں ۔ مزید براں جی سی سی نے علاقے کے پانی کے ذخائر بشمول جھیلیں ، دلدلی علاقے اور چشموں کی حفاظت اور بحالی کی اہمیت پر زور دیا ۔ بات چیت کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے جی سی سی کے باخبر نقطہ نظر کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی سفارشات کو متعلقہ محکموں کو جانچ اور وقت کے پابند عمل کیلئے مناسب طور پر بھیجا جائے گا ۔ انہوں نے جی سی سی اور سرکاری محکموں کے درمیان مسلسل رابطے کی بھی حوصلہ افزائی کی تا کہ ماہرانہ علم اور تجربہ یو ٹی کے ترقیاتی سفر میں بامعنی طور پر حصہ ڈالیں ۔






