سری نگر ۔۔۔۔۶۱، اکتوبر۔۔۔۔جے کے این ایس۔۔۔۔۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ اقتصادی مجرموں، سائبر مجرموں، دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور دیگر تمام مفرور افراد کےلئے ایک بے رحم رویہ اپنانا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں ہندوستانی نظام انصاف کے سامنے لایا جائے۔جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں مرکزی تفتیشی بیورﺅ( سی بی آئی) کے زیر اہتمام ’مفروروں کی حوالگی : چیلنجز اور حکمت عملی‘ کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ نہ صرف بدعنوانی، جرائم اور دہشت گردی کے خلاف بلکہ ان مجرموں کے خلاف بھی جو ہندوستان سے باہر سے کام کر رہے ہیں، کے خلاف صفر رواداری کا طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام مفرور افراد کو قانون کے دائرے میں لانے کےلئے کوششیں کی جانی چاہئیں اور اس کے لیے ایک قطعی میکانزم قائم کرنا چاہیے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ چاہے وہ معاشی مجرم ہوں، سائبر مجرم ہوں، دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوں یا منظم جرائم کے نیٹ ورکس کا حصہ ہوں، ہر مفرور کے خلاف ایک بے رحم رویہ اپنایا جانا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں ہندوستانی نظام انصاف کے سامنے لایا جائے۔ اس کا وقت آ گیا ہے۔وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ نریندر مودی حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کیے ہیں کہ کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ایک مضبوط ہندوستان نہ صرف اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے بلکہ قانون کی حکمرانی کو بھی مستحکم کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جرائم اور مجرموں کے ہتھکنڈے چاہے کتنے ہی تیز کیوں نہ ہوں، انصاف کی پہنچ اور بھی تیز ہونی چاہیے۔انہوں نے تمام ریاستوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی اپنی ریاست میں کم از کم ایک بین الاقوامی معیار کا جیل خانہ قائم کریں تاکہ غیر ملکی عدالتوں میں مفرور قیدیوں کی طرف سے دی گئی جیلوں کے ناقص معیار کی درخواست کا مقابلہ کیا جا سکے۔






